اب شاہ رخ خان کے پاکستانی مداح بھی ‘ڈنکی’ دیکھ سکیں گے

ممبئی:  بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی فلم ‘ڈنکی’ نیٹ فلکس پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد اب اداکار کے پاکستانی مداح بھی یہ فلم دیکھ سکیں گے۔

اس حوالے سے نیٹ فلکس انڈیا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر شاہ رخ خان کی فلم ‘ڈنکی’ کا پوسٹر شیئر کیا جس میں کہا گیا کہ اپنی تیاری کرلو کیونکہ شاہ رخ خان پوری دنیا میں ڈنکی مارنے آرہے ہیں۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان کی فلم ‘ڈنکی’ او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر بھی ریلیز ہونے جارہی ہے لیکن پوسٹ میں ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

 

اس اعلان کے بعد شاہ رخ خان کے پاکستانی مداح کافی خوش ہوگئے ہیں کہ وہ بھی اب فلم ‘ڈنکی’ دیکھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ میگا اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ‘ڈنکی’ سال 2023 میں 21 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کو شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ تاپسی پنو، وکی کوشل اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے۔

فلم ‘ڈنکی’ کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو غیرقانونی طور پر بیرون ملک سفر کرتے ہیں، ‘ڈنکی’ محبت اور دوستی کی ایک ایسی کہانی ہے جسے جذباتی اور کامیڈی مناظر کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …