کراچی کے عوام موقع دیں 5 سال میں شہر بدل دیں گے، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہر قائد کے لوگوں نے اگر ہمیں 20 (قومی اسمبلی) کی نشستیں جتوا دیں تو پانچ سال کے اندر کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے سلسلے میں آج کراچی میں موجود رہے اور وہ ریلی کی صورت میں مختلف علاقوں میں گئے جہاں انہوں نے عوام و کارکنان سے خطاب کیا۔

کیماڑی میں کے پی ٹی گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ’اگر کراچی کے عوام میرے نمائندے منتخب کرائیں گے، پھر بلدیات کے بعد صوبائی حکومت بھی ہمارے ہاتھ میں ہوگی، آپ کے ووٹ سے وفاقی حکومت بھی ہمارے ہاتھ میں ہوگئی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ لوگ کراچی کی 20 نشستیں پیپلز پارٹی کو دلوا دیں پھر ہم پانچ سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے، ہم وفاق میں اپنی حکومت بنا کر کراچی میں تاریخی کام کریں گے اور ہر جگہ شہر کی نمائندگی ویسے ہی ہوگی جیسے اس کا حق ہے‘۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’سندھ کی صوبائی کابینہ میں کراچی کو اس کا حق دیا جائے گا اور ہم مل کر شہر کی خدمت کریں گے، اس شہر میں رہنے والوں کو جیالے سمجھائیں کہ وہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں کیونکہ کوئی اس شہر کو مذہب اور کوئی لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے‘۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر ان تمام عناصر جواب دیں کہ وہ نفرت اور تشدد کی سیاست کو قبول نہیں کرتے‘۔ بلاول بھٹو نے یقین دہانی کرائی کہ ہمارے نمائندے شہر کے عوام میں رہ کر کام کریں گے اور اس کو ترقی دیں گے، خواتین کو بھی خدمت کا بھرپور موقع دیا جائے گا‘۔

بلاول کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری، والدہ کی پیدائش کراچی میں ہوئی، یہ شہر میرا اپنے گھر کی طرح ہے اور کراچی کی خدمت کا مطلب گھر کی خدمت کرنا ہے، میں اپنے گھر کی بھرپور طریقے سے خدمت کروں گا اور آپ کے نمائندوں کو پابند کروں گا کہ وہ ہر خوشی و غم میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں

 

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …