بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے بابر اعظم کی حمایت میں بول پڑے

میڈیا 92 نیوزڈسک
بھارت کے مشہور کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حمایت میں بول پڑے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی ورلڈکپ میں مسلسل 4 میچز میں شکست کے بعد شدید تنقید کا سامنا تھا ،گزشتہ روز بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے بعد گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید اب بھی برقرار ہے۔

ورلڈکپ میں بابر اعظم پر ناقص کپتانی اور پھر بڑی اننگز نہ کھیلنے پر شائقین کرکٹ اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔

ایسے میں بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے بابر اعظم کی حمایت میں بیان دیا ہے۔

ہرشا بھوگلے کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کے ساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کیا جارہا جبکہ ان کی جگہ شاہین آفریدی کو کپتان بنانے کی باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کے ساتھ بالکل اچھا سلوک نہیں کیا، ورلڈکپ کے ختم ہونے تک انتظار کریں، اگر پاکستان اگلے میچز جیتتا ہے اور نیوزی لینڈ تمام میچز ہار جاتا ہے اور اچانک پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جاتا ہے، تو کیا اس سے بابر اعظم ایک اچھے کپتان بن جائیں گے؟

ہرشا بھوگلے نے کہا کہ بابر اعظم نے گزشتہ 4 سال میں ایسی کرکٹ کھیلی ہے کہ وہ دنیا کے ٹاپ فور بیٹرز میں شامل ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر ہونے والی تنقید پر ناگواری کا اظہار کیا تھا۔

ایک بیان میں مائیکل وان نے کہاکہ مجھے پسند نہیں آرہا جس طرح بابراعظم کی تحقیر ہورہی ہے، بابر ورلڈکلاس کھلاڑی اور دنیائے کرکٹ کے بہترین بیٹر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کپتانی سے متعلق باتوں کو ورلڈکپ کے بعد دیکھنا چاہیے لیکن ورلڈکپ کے دوران بابراعظم کے خلاف تنازعات کا سامنے آنا افسوسناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …