ورلڈکپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کون ہیں؟

میڈیا 92 نیوزڈسک
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جا رہا ہے جو 19 نومبر تک بھرپور رعنائیوں کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس سال بھارت میں ہونے والا میگا ایونٹ ورلڈکپ کا 13 واں ایڈیشن ہوگا، اس سے قبل گزشتہ ایونٹس میں کھلاڑیوں کی جانب سے کئی شاندار پرفارمنسز سامنے آئیں، کئی سنگ میل بھی عبور ہوئے اور اور بے شمار ریکارڈز بھی قائم ہوئے۔

ورلڈکپ میں بیٹرز سب سے زیادہ رنز اور بولرز سب سے زیادہ وکٹیں لینے کی خواہش رکھتے ہیں اور رواں ایونٹ میں بھی کھلاڑیوں کی نظر اپنے اہداف پر ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کون ہیں؟

ورلڈکپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا کا پہلا نمبر ہے، انہوں نے مجموعی طور پر 39 میچز میں 18.19 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کیں۔

اس فہرست میں دوسرا نمبر سابق سری لنکن اسپن لیجنڈ متھیا مرلی دھرن کا ہے، جنہوں نے 39میچز میں 19.63 کی اوسط سے 68 شکار کیے۔

ورلڈکپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں تیسرا نمبر سری لنکا کے ہی سابق فاسٹ بولر ملنگا کا ہے، جنہوں نے 28 میچز میں 56 وکٹیں حاصل کیں۔

اس فہرست میں چوتھا نمبر پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ہے، جنہوں نے 36 میچز میں 55 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اس مقابلے میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 18ورلڈکپ میچز میں 49 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دنیائے کرکٹ کے معروف جریدے وزڈن نے چند روز بعد بھارت میں شرع ہونے والے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری کی تھی جس میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔

معروف جریدے کی ممکنہ بولرز کی فہرست میں بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو، بھارت کے جسپریت بمراہ اور محمد سراج، پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …