ڈہرکی سے اغوا ہونے والا ہندو تاجر چار گھنٹوں بعد بازیاب

میڈیا 92 نیوزڈسک
ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی سے اغوا ہونے والے ہندو تاجر کو چار گھنٹے بعد بازیاب کروا لیا گیا۔

حکام کے مطابق تاجر کے اغوا کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز نے ہندو تاجر کی فوری بازیابی کیلئے کارروائی شروع کردی۔

حکام کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد مغوی کو بازیاب کروالیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقابلے میں ایک ڈاکو کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم مفرور ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ سکھر کے کچے کے علاقوں شاہ بیلو اور الف کچا میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری پولیس آپریشن کے دوران چار مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کیا جا رہا ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

یہ بھی یاد رہے کہ ڈی آئی جی آفس لاڑکانہ میں آپریشن سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیلئے ضلعی سطح پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی شامل ہوں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی پلاننگ ٹاسک فورس سے مل کر کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …