نسیم شاہ کی انجری، ورلڈکپ اسکواڈ میں کس بولر کی شمولیت کا امکان ہے؟

میڈیا 92 نیوزڈسک
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری کے باعث زمان خان کی بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے۔

ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کا اہم اجلاس کل ہوگا، کپتان بابر اعظم ورلڈکپ اسکواڈ پر سلیکشن کمیٹی سے اہم مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی لاہور میں ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن سے مشاورت ہوچکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ایشیا کپ میں حصہ لینے والے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ہے، نسیم شاہ اگر ورلڈکپ سے باہر ہوئے تو چار فاسٹ بولرز کے نام مشاورت کے لیے موجود ہیں، زمان خان، حسن علی، محمد حسنین اور شاہ نواز دھانی کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے ورلڈکپ اسکواڈکا اعلان اگلے تین سے چار روز میں ہوگا، قومی اسکواڈ میں زمان خان کی شمولیت کا امکان ہے۔

خیال رہےکہ قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے آئندہ ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

نسیم شاہ ایشیاکپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلےکا اہم میچ بھی نہیں کھیلا تھا۔

اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ایک بیان دیا تھا کہ امید ہے کہ نسیم شاہ ورلڈکپ تک مکمل فٹ ہو جائیں گے اور ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

تاہم اب کرکٹ کی خبروں سے متعلق ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نسیم شاہ کی کندھے کی انجری اس سے زیادہ سنگین ہے جیسی ابتدائی طور پر سمجھی جا رہی تھی۔

رپورٹ کے مطابق اس بات کا امکان ہےکہ کندھے کی انجری کے باعث نسیم شاہ پورے ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے، انجری کے باعث نسیم شاہ کی ناصرف آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بلکہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

پی سی بی کا ردعمل
دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہےکہ کرکٹ بورڈ نسیم شاہ کی انجری پر نظر رکھے ہوئے ہے، نسیم شاہ کی دیکھ بھال کے لیے طبی ماہرین سے رابطے میں ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہےکہ نسیم شاہ کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں کیا جائےگا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …