ایشیا کپ: پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش کے باعث کچھ دیر رُکنے کے بعد دوبارہ شروع

میڈیا 92 نیوزڈسک
ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلے جانے والا میچ بارش کے باعث کچھ دیر رُکنے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا،اب میچ کو 42 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا ہے۔

ایشیا کپ کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان کی سری لنکا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، گرین شرٹس نے 5 وکٹ پر134 رنز بنالیے ہیں۔محمد رضوان اور افتخار احمد کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان نے 27.4 اوورز کے کھیل میں5 وکٹ پر 130 رنز بنالیے تھے جب میچ کو بارش کے باعث روکا گیا تاہم کچھ دیر کھیل رُکنے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بارش کی وجہ سے 42 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا ہے۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، تاہم بارش رکنے کے بعدساڑھے 4 بجے ٹاس ہوا اور میچ کو 45 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا تاہم فخر ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور 4 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 73 کے مجموعی اسکور پر 29 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے جبکہ ایشیا کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے ففٹی اسکور کی لیکن وہ بھی 53 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد بیٹنگ کرنے آئے محمد حارث صرف 3 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے محمد نواز بھی 12 رنز اسکور کرکے بولڈ ہوگئے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 کے اہم میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان گزشتہ شب کیا تھاجس میں 5 تبدیلیاں سامنے آئی تھیں۔

محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان کو سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ فخر زمان، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل نہیں تھے۔

تاہم ٹاس کے موقع پرکپتان بابر اعظم نے کہا کہ سعود شکیل اور امام الحق پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ان کی جگہ فخرزمان اور عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سعود شکیل کو بخار اور امام الحق کمر میں تکلیف کی وجہ سےآج کا میچ نہیں کھیل رہے۔

سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، عبداللہ شفیق، محمد رضوان،افتخار احمد، محمد حارث، فخر زمان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …