شہباز شریف کا کینسر ٹیسٹ کلئیر ، مرض لوٹ کر نہیں آیا

میڈیا 92 نیوزڈسک
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے کینسر کا ٹیسٹ کلیئر آ گیا۔

لندن میں شہباز شریف کے طبی معائنے کے بعد کینسر اسپیشلسٹ نے تصدیق کی کہ شہباز شریف کا کینسر پلٹ کر نہیں آیا۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے دو ہفتے قبل لندن پہنچنے کے کینسر کے ٹیسٹ کرائے تھے، شہباز شریف کو ہر سال کینسر کا ٹیسٹ کرانا پڑتا ہے، ٹیسٹ کی رپورٹس معروف کینسر اسپیشلسٹ ڈاکٹر مارٹن کیپلن نے دیکھیں۔

یاد رہے کہ شہباز شریف کو 2000 میں نایاب اور خطرناک کینسر کو تشخیص ہوئی تھی، شہباز شریف 2003 میں نیو یارک کے سلوئن کیٹرنگ اسپتال میں کئی ماہ تک زیرعلاج رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق کینسر سے پاک ہونے کی خوشخبری ڈاکٹر مارٹن کیپلن نے ویلنگٹن اسپتال سینٹ جانز ووڈ میں شہباز شریف کو سنائی۔

شہباز شریف کی ریڑھ کی ہڈی کا اسکین آئندہ ہفتے ہارلے اسٹریٹ کی کلینک میں ہو گا، شہباز شریف کینسر کے علاوہ اپنے دیگر ٹیسٹ کروانے کے بعد تقریباً 10 روز بعد وطن روانہ ہوں گے۔

سابق وزیراعظم لندن میں پارٹی قائد نواز شریف سے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں جن میں انتخابات سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔

شہباز شریف نے نواز شریف سے ایک ملاقات کے بعد بتایا تھا کہ نواز شریف اکتوبر میں پاکستان واپس آئیں گے۔

اس کے علاوہ شہباز شریف نے جی سی ایس ای میں ریکارڈ کامیابی حاصل کرنے والی ماہ نور سے بھی ملاقات کی، جی سی ایس ای میں 34 اے اسٹار لینے والی ماہ نور کو نواز شریف نے لیپ ٹاپ بطور تحفہ پیش کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …