بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے 8 افراد میں سے 2 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، ریسکیو آپریشن جاری

میڈیا 92 نیوزڈسک

خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد میں سے 2 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ باقی افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج کا آپریشن جاری ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ہزارہ پولیس طاہر ایوب نے تصدیق کی کہ دو بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔

ڈولی دکھنے میں کیسی ہے؟

چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔

انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔

گلفراز کا کہنا تھا کہ لفٹ میں پھنسے ہمیں 5 گھنٹے ہوگئے، چیئرلفٹ میں ایک لڑکا تین گھنٹے سے بے ہوش ہے، یہ لڑکا دل کے عارضے میں مبتلا ہے اور اسپتال جارہا تھا، لفٹ میں ہم 8 افراد موجود ہیں، چیئرلفٹ میں ہمارے پاس پینے کا پانی تک نہیں اور فون کی بیٹری بھی ختم ہورہی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی بٹگرام طاہر ایوب خان کا کہنا ہےکہ ہم نے چیئرلفٹ ماہرکو بھی بھیجا ہے، لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچےکھائی ہے اور نیٹ لگانا مشکل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک آرمی کے اسپیشل سروسزگروپ کی سلنگ آپریشن میں ماہرٹیم بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی کا ریسکیو ہیلی کاپٹر لفٹ کے قریب پہنچنے پرڈولی ہل رہی ہے جس سے ڈولی غیر متوازن ہونے کا خدشہ ہے، اب ریسکیو آپریشن کے باقی آپشنزکا استعمال زیر غور ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ یہ انتہائی رسکی آپریشن ہے جس میں پاک آرمی کے دستے مکمل جان فشانی سے حصہ لے رہے ہیں۔

حکام کا بتانا ہےکہ پاک آرمی کا ریسکیو ہیلی کاپٹربٹگرام پہنچ کر ایریاکی ریکی کررہا ہے، ریکی کے بعد بڑے محتاط انداز میں ریسکیو آپریشن کیا جائےگا، یہ ایک انتہائی خطرناک آپریشن ہے، غیرمتوازن ہونے اور ہیلی کاپٹر کے ہوائی پریشر سے لفٹ ٹوٹ سکتی ہے اس لیے انتہائی احتیاط سے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں علاقے میں موجود اسکول کے ٹیچر ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ صبح 6 بجے طلبہ چیئرلفٹ کے ذریعے اسکول آرہے تھے، چیئرلفٹ میں ایک بچہ ڈر کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا ہے جسے بعدازاں ہوش آگیا، اس علاقے میں 150 بچے اس طرح لفٹ کے ذریعے اسکول آتے ہیں۔

ظفر اقبال نے بتایا کہ چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا ہے، علاقے میں شانگلہ سے بھی ریسکیو ٹیم پہنچی ہے ،ہیلی کاپٹر چیئر لفٹ کے قریب جائزہ لے رہا ہے۔

ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز کے مطابق پوری کوشش ہے کہ لفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کریں۔

دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ ہیلی کاپٹرسے پیدا ہوائی پریشر سے اکیلی بچ جانے والی تاربھی ٹوٹنے کا خدشہ ہے اس لیے ہیلی کاپٹر سے ریسکیو آپریشن کو انتہائی محتاط انداز میں کیا جائے گا۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خستہ حال، حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئر لفٹس فوری بند کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے بٹگرام میں پاشتوکےمقام پرچیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کے فوری ریسکیو کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیرِ اعظم کی جانب سے این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ریسکیو اداروں کو تمام وسائل بروئےکار لانےکی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ نے پہاڑی علاقوں میں موجود ایسی تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق علاقہ پاشتو میں چیئرلفٹ پھنسنے کا واقعہ صبح 8:30 بجے پیش آیا، چیئرلفٹ پہاڑوں کے بیچ برساتی نالہ جہانگیری خوڑ پرنصب ہے، جب کہ اس وقت اس لفٹ میں 8 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی تفصیلات کے مطابق پھنسے افراد میں ابرار، عرفان، گلفراز اور اسامہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ رضوان اللہ،عطااللہ، نیاز محمد اور شیرنواز بھی چیئرلفٹ میں پھنسے ہیں،چیئرلفٹ تقریباً 2 ہزار میٹر کی بلندی پر لگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …