جاپان پر گرائے گئے ایٹم بم سے بھی ہزاروں گنا طاقتور بم پھٹنے کی خفیہ ویڈیو جاری

لاہور (میڈیا 92 نیوز) آن لائن)

ماسکو: روس نے دنیا کے طاقتور ترین دھماکے کی خفیہ ویڈیو جاری کردی ہے جو اکتوبر 1961 میں سوویت یونین کے زمانے میں تجرباتی طور پر کیا گیا تھا۔ دراصل یہ ایک ہائیڈروجن بم تھا جس کی دھماکہ خیز طاقت ہیروشیما پر گرائے گئے ایٹم بم سے بھی 3300 گنا زیادہ تھی۔

یہ بم جسے ’’زار بومبا‘‘ (بموں کا بادشاہ) کا نام دیا گیا تھا، قطب شمالی کے قریب ایک جزیرے پر گرایا گیا تھا جبکہ یہ زمین سے 4 کلومیٹر بلندی پر، ہوا میں ہی پھاڑ دیا گیا تھا۔

50 میگاٹن (پانچ کروڑ ٹن) ٹی این ٹی جتنی دھماکہ خیز طاقت والا یہ ہائیڈروجن بم انسانی تاریخ کا سب سے طاقتور بم قرار دیا جاتا ہے جسے مشہور سوویت سائنسداں آندرے سخاروف نے ڈیزائن کیا تھا۔ یہ وہی آندرے سخاروف ہیں جنہیں سوویت یونین سے منحرف ہونے کے بعد 1975 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔
40 منٹ کی یہ ویڈیو چند روز پہلے ایٹمی توانائی کے روسی ادارے نے یوٹیوب پر اپ لوڈ کی ہے جس میں 22 منٹ 22 سیکنڈ پر بم پھٹنے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوجاتا ہے:

یہ دھماکہ اتنا شدید اور بڑا تھا کہ ایک ہزار کلومیٹر کی دوری سے بھی دیکھا گیا تھا جبکہ اس کی گرمی 250 کلومیٹر فاصلے پر بھی محسوس کی گئی۔

اس ہائیڈروجن بم کے دھماکے سے اُٹھنے والا بادل اس قدر بلند تھا کہ تقریباً 700 کلومیٹر اونچائی تک جا پہنچا تھا، یعنی اس مقام تک کہ جہاں زمینی کرہ ہوائی ختم ہوتا ہے اور خلاء شروع ہوتی ہے۔

ہم نہیں جانتے کہ دنیا میں اس سے بھی زیادہ طاقتور ہائیڈروجن بم موجود ہے یا نہیں، لیکن اتنا ضرور جانتے ہیں کہ انسانی تاریخ کے ریکارڈ پر یہ طاقتور ترین تجرباتی دھماکہ تھا۔

واضح رہے کہ ہائیڈروجن بم کا اصل اور تکنیکی نام ’’تھرمونیوکلیئر بم‘‘ ہے جس کے دھماکے سے روشنی، حرارت اور صدماتی موجوں کی شکل زبردست توانائی خارج ہوتی ہے لیکن تابکار شعاعوں کا اخراج عام ایٹم بم (فشن بم) کے مقابلے میں بہت کم ہوتا ہے۔

’’عام ایٹم بم‘‘ میں کسی بھاری تابکار عنصر کے مرکزے (نیوکلیائی) توڑے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں توانائی کا بڑا حصہ تابکار شعاعوں کی شکل میں خارج ہوتا ہے۔

ہائیڈروجن بم کا معاملہ اس کے برعکس ہے جس میں ہلکے ایٹموں کے مرکزے آپس میں ٹکرائے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں قدرے بھاری مرکزے وجود میں آتے ہیں اور زبردست توانائی خارج ہوتی ہے جس کا بڑا حصہ روشنی اور حرارت کی شکل میں ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …