ملک میں کورونا سے مزید 6 اموات، ہلاکتیں 113 ہوگئیں، مجموعی کیسز 6160 تک جا پہنچے

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 6 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 113 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 6160 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 113 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں 41 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 38، پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز بدھ اب تک ملک میں کورونا کے مزید 176کیسز سامنے آئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

آج اب تک سندھ میں 150 کیسز 6 ہلاکتیں، بلوچستان 12، اسلام آباد 9 اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ
سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 150 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 1668 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 41 ہوگئی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 133 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 560 ہوگئی ہے۔

بلوچستان
بلوچستان میں آج مزید12 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 262 ہوگئی جب کہ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہے۔

صوبائی محکمہ صحت نے مجموعی کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک بلوچستان کے6 اضلاع سےکوروناوائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں کورونا کے 124مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان کی رپورٹس میں تضاد

دوسری جانب کورونا وائرس کے مریضو ں کی تعداد کے حوالے سے ترجمان حکومت بلوچستان ،محکمہ صحت اور وفاقی حکومت کی رپورٹس میں تضاد نظر آنے لگا ہے جس سے صحافی پریشان ہیں کہ کس رپورٹ پر یقین کریں اور کس پر نہیں۔

محکمہ صحت اور ترجمان حکومت بلوچستان کی رپورٹس میں پچھلے کئی روز سے صوبے میں کورونا سے صرف ایک موت بتائی جارہی ہے جب کہ وفاقی حکومت کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم 2 اموات بتا رہا ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 140 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے آج اب تک کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

پنجاب
پنجاب میں منگل کو کورونا کےمزید 289 کیسز اور 4 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 2945 ہوگئی ہے جب کہ 28 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں 701 زائرین، رائے ونڈ قرنطینہ میں 1055 تبلیغی ارکان، 1100 عام شہری اور 89 قیدی کورونا میں مبتلا ہیں۔

پنجاب میں اب تک کورونا سے مجموعی طور پر 508 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں منگل کو 65 نئے کیسز اور تین اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 865 ہوگئی۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 178 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں منگل کو کورونا کا ایک کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 234 ہو گئی۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 175 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …