انسانی ہمدردی کے تحت ایران پرعائد پابندیاں اٹھائی جائیں، پاکستان

(میڈیا92 آنلائن نیوز)

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عائد پابندیوں کو اٹھایا جائے۔

ایران پر پابندیوں کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اس وقت کرونا وبا کی وجہ سے ایران شدید مشکلات کا شکار ہے، ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس وبا سے متاثر ہیں اور اموات کی شرح بھی بہت زیادہ ہے، معاشی پابندیوں کے باعث ایران کو اس وبا پر قابو پانے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان کو بذریعہ خط درخواست کی کہ پاکستان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے، میری ایرانی وزیر خارجہ سے بات ہوئی تو انہوں نے بھی یہی درخواست کی کہ انسانی ہمدردی کے پیش نظر ایران پر عائد پابندیوں کو اٹھایا جائے، اس وقت ایران کو ادویات، وینٹیلیٹرز اور دیگر علاج معالجے سے متعلقہ سامان کی اشد ضرورت ہے، معاشی پابندیاں ان اشیاء کے حصول میں آڑے آرہی ہیں اور پاکستان کو اس صورت حال پر بے حد تشویش ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر ایران میں کورونا وبا مزید شدت اختیار کرتی ہے تو یہ پورے خطے کیلئے شدید خطرات کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، پاکستان نے انسانی ہمدردی کے پیش نظر، ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کیلئے اپنی کاوشوں کا آغاز کر دیا ہے، ہم نے پی فائیو سفرا ء سے گزارش کی ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ پیغام اپنے اپنے دارالخلافہ تک پہنچائیں، انسانیت کے ناطے ایران پر عائد پابندیوں کو ہٹایا جائے اور انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور ہمارا ہمسایہ ہونے کے ناطے ہمیں ان کی صورتحال کا پورا ادراک ہے، اس لیے ہم اس مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغانستان کی تجارت پاکستان کے راستے ہوتی ہے، جب افغانستان کی طرف سے درخواست موصول ہوئی تو پاکستان نے افغانستان کی آسانی کیلئے ٹرکس کوگزرنے کی اجازت دی، ہم نے ممالک سے رابطوں کا آغاز کیا ہے، ہمیں مل جل کر ایک دوسرے سے تعاون کے ذریعے اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …