نیب اب ٹھیک کام بھی کرے تو اسے غلط ہی سمجھا جائے گا: سعد رفیق

(میڈیا 92 آنلائن نیوز)
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے قومی احتساب بیورو(نیب) اب ٹھیک کام بھی کرے تو اسے غلط ہی سمجھا جائے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی رہائشگاہ پر مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور خواجہ برادران کو رہائی پر مبارکباد دی جا رہی ہے۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور سابق وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے بھی خواجہ برادران کو ان کے گھر جا کر مبارکباد پیش کی۔

مسلم لیگ ن کے رہنماخرم دستگیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 16 ماہ تک خواجہ برداران کے ساتھ بغض اور کینے کا مظاہرہ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نےکہاکہ نیب والوں کے رویے سے احتساب کا ادارہ بدنام ہو کر رہ گیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی خواجہ سعد رفیق کو ٹیلی فون کر کے رہائی پر مبارکباد پیش کی جس پر خواجہ سعد رفیق نے بھی دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔

خواجہ سعد رفیق کا میڈیا سے گفتگومیں کہنا تھا کہ نیب اب ٹھیک کام بھی کرے تو اسے غلط ہی سمجھا جائے گا، قومی اتفاق رائے سے احتساب کا نیا ادارہ بنایا جانا چاہیے۔

ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بڑے پن کا مظاہرہ کریں اور تمام سیاسی جماعتوں کےقائدین کو وزیراعظم ہاؤس بلائیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی سپریم کورٹ نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت 30، 30 لاکھ روپے کے مچلوں کے عوض منظور کی تھی اور دونوں بھائیوں کو دو روز قبل جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …