کرونا وائرس سے سندھ اور بلوچستان سے پریشان کن اطلاعات لیکن خیبرپختونخوا کی کیا صورتحال ہے؟ خبر آگئی

پشاور:چین سے پھیلنے والے خطرناک کرونا وائرس نے پاکستان میں بھی کچھ لوگوں کو متاثر کیا ہے تاہم ابھی تک کسی بھی مریض کی حالت تشویشناک ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے ستائیس مشتبہ کیسز سامنے آئے تھے تاہم ٹیسٹ کئے جانے کے بعد 24کو کلیئر قرار دے دیا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے پاکستان کے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں لوگوں کو زیادہ تر متاثر کیا ہے اور اس سلسلے میں پریشان کن اطلاعات سامنے آرہی ہیں جبکہ پنجاب میں اس وقت طبی ایمرجنسی نافذ ہے ۔ خیبرپختونخوا میں بھی صورتحال زیادہ تشویشناک نہیں ہے، نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق کے پی کے میں ستائیس مشتبہ کیسزسامنے آئے تھے جن میں سے چوبیس افراد کا چیک اپ مکمل ہونے کے بعد انہیں کلیئر قرار دے دیا گیاہے۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق پشاور سے 10، صوابی سے 4، سوات سے 3 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ ایبٹ آباد 3 باجوڑ، چارسدہ، لوئردیر اور کوہاٹ سے ایک ایک مشتبہ کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر صوبے میں اب تک کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 27 تک پہنچ گئی جس میں سے 24 کیسز کو کلئیر قرار دیا گیا ہے ان میں سے تین کیسز کی رپورٹ آنا باقی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں مجموعی طور پر کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے جن میں سے سندھ میں 15 (14 کراچی ایک حیدرآباد)،گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس اب تک 124 ممالک میں پہنچ گیا ہے جس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 34ہزار 748 ہے اور 70 ہزار 383 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 983 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …