آسٹریلوی قصبے پر لاکھوں چمگاڈروں کی یلغار

کوئنز لینڈ(میڈیا 92نیوز آن لائن)
اس وقت آسٹریلیا کے ایک شہر انگہم میں لوگ سخت پریشان اور مضطرب ہیں کیونکہ دیکھتے ہی دیکھتے یہاں فروٹ بیٹس جیسی بڑی چمگاڈروں گویا ڈیرہ ڈال رکھا ہے، کُل 4 مختلف اقسام کی لاکھوں چمگاڈروں کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔

انگہم شمالی کوئنس لینڈ میں واقع ایک شہر ہے جہاں لگ بھگ لاکھوں چمگاڈروں کی وجہ سے بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ بچے اسکول جانے سے کترا رہے ہیں اور ہنگامی حالت کے شکار مریضوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس بند ہوچکی ہے۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ ان جان داروں کو قانونی تحفظ حاصل ہے اور انہیں مارا بھی نہیں جاسکتا۔ اپنی جسامت کی بنا پر ان چمگاڈروں کو ’’اڑن لومڑی‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

چمگاڈروں کا طوفان
مجموعی طور پر اس شہر میں چمگاڈروں کی تعداد انسانوں سے بڑھ چکی ہے اور ایک ماہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ لوگوں نے اسے ’’بیٹ ٹورنیڈو‘‘ یعنی چمگاڈروں کے طوفان سے تشبیہہ دی ہے۔ محتاط اندازے کے مطابق اس جانور کی تعداد تین لاکھ سے زائد ہے۔ انگہم کے میئر کے مطابق ان میں ہر عمر کی چمگاڈریں شامل ہیں اور ان کے ملاپ کے اوقات بھی مختلف ہیں اسی بنا پر ان سے جلد جان نہیں چھوٹ سکتی۔

اس وقت حالت یہ ہے کہ درختوں کی شاخیں بلکہ چھوٹے شجر ان کے بوجھ سے ٹوٹ رہے ہیں۔ میئر کے مطابق چمگاڈروں نے ہسپتالوں، اسکولوں اور عوامی مقامات پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ فی الحال ان میں انسانوں کو متاثر کرنے والی کوئی بیماری موجود نہیں اور نہ ہی یہ انسانوں پر حملہ آور ہوتی ہیں لیکن ان کی یلغار سے بچے خوف زدہ ہیں اور گھروں تک محصور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …