شاہی قلعہ میں شادی کی تقریب، وزیراعلیٰ کا نوٹس، انچارج معطل، مقدمہ کیلئے درخواست

لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) شاہی قلعہ میں شادی کی تقریبات کروانے کا انکشاف ہوا ہے ،تاریخی اہم مقامات کو شادی بیاہ سمیت نجی محافل کیلئے رینٹ پر دیئے جانے کی خبر پر اعلٰی حکام نے نوٹس لے لیا ۔جبکہ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی نے شادی کی تقریب کی انکوائری کاحکم دیدیا ۔شاہی قلعہ کے انچارج محمد بلال کو معطل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شاہی قلعہ میں دریافت کئے گئے رائل کچن میں مقامی کمپنی کی جانب سے نجی ڈنر کے نام پر (صنعت کار)کے بیٹے کی مہندی کا انعقاد کیا گیا۔ پرتکلف کھانوں کے ساتھ محفل موسیقی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ ترجمان والڈ سٹی اتھارٹی نے بتایا کہ اتھارٹی کے اپنے قوانین ہیں۔ یونیسکو کی گائیڈ لائن کے مطابق اتھارٹی کارپوریٹ سیکٹر، ثقافتی تقریبات اورغیرملکی وفود کے فنکشن بھی یہاں منعقد کروائے جاتے ہیں۔

مذکورہ فنکشن کارپوریٹ فنکشن کے نام پر بک کیا گیا جس کے لئے پانچ لاکھ روپے کرایہ اور ایک لاکھ روپے سیکیورٹی بھی جمع کروائی۔ انھیں گائیڈ لائن مہیا کردی گئی تھی جس پر انھوں نے عمل نہ کیا۔ ڈیوٹی سٹاف نے قوانین کے مطابق اس کی نگرانی کی۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ ہونے پرڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر شاہی قلعہ کے انچارج محمد بلال کو معطل کردیا اور تحقیقات کا حکم دیدیا۔

شاہی قلعہ کے رائل کچن میں شادی کی تقریب کی سوشل میڈیا پر خبر ہائی لائیٹ ہونے پر لوگوں نے شدید تنقید کی اور کہاکہ ثقافتی ورثہ اور یونیسکو کی ورلڈ ہیریٹیج سائیٹ ہے اس قسم کی تقریب سے شاہی قلعہ کو نقصان پہنچتا ہے۔ عوام نے حکام سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست تھانہ ٹبی سٹی میں جمع کروادی ہے جبکہ ایونٹ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیدیا گیاہے۔

اتھارٹی شادی کی تقریبات کی اجازت ہرگز نہیں دیتی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے شاہی قلعہ میں شادی کی تقریب کے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور شادی کی تقریب کے انعقاد کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …