کارکنوں کے قاتل گرفتار نہ ہونا پنجاب حکومت کی بدترین نااہلی کا ثبوت ہے: سراج الحق

(میڈیا92نیوزآن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کارکنوں کے قاتل گرفتار نہ ہونا پنجاب حکومت اور پولیس کی بدترین ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے شیخوپورہ کے علاقے مریدکے میں چند روز قبل قتل ہونے والے جماعت اسلامی کے تین کارکنوں کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناک کے نیچے دن دیہاڑے جی ٹی روڈ پر ہمارے 3 کارکنوں کو قتل کر دیا گیا، ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی پولیس قاتلوں کو پکڑنے میں ناکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لے ورنہ مظلوموں کا ہاتھ ہو گا اور انتظامیہ کا گریبان، قاتل گرفتار نہ ہونا پنجاب حکومت اور پولیس کی بدترین ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب میں غنڈوں اور بدمعاشوں نے باقاعدہ گینگ بنا رکھے ہیں جو معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں اور حکومت کی رٹ بھی ناکام ہو چکی ہے، حکومت کی بے بسی کا یہ عالم ہے کہ اب اسپتالوں میں مریض بھی محفوط نہیں رہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں جماعت اسلامی کے 3 کارکنان کا قتل کیا گیا تھا تاہم ملزمان کا تاحال پتہ نہیں لگ سکا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …