وکلاء نے جو ظلم کیا ہے ایسا تو جنگ میں بھی نہیں ہوتا: یاسمین راشد

لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے جو ظلم کیا ایسا تو جنگ میں بھی نہیں ہوتا۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے آج پی آئی سی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال انتظامیہ اور عملے سے مذاکرات بھی کیے۔بعدازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرز کو مکمل سپورٹ کرے گی کیونکہ وکلاء نے اسپتال پر حملہ کر کے ظلم کیا ہے، وکلاء نے جو کیا ایسا تو جنگ میں بھی نہیں ہوتا، حملے کے ذمہ داروں کو ضرور سزا ملےگی۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میں اسپتال انتظامیہ کو یقین دلانے آئی تھی کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے لیکن جب یہاں پہنچی تو میرے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔پی آئی سی میں ایمرجنسی سروس شروع کرنے سے متعلق ایک صحافی کے سوال پر وزیر صحت پنجاب غصے میں آ گئیں اور کہا کہ آپ بچوں والی بات کرتے ہیں، ساری ایمرجنسی ٹوٹی پڑی ہے، اسپتال میں توڑ پھوڑ ہوئی ہے، پہلے اسپتال ٹھیک کریں گے۔

اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر پنجاب کا کہنا تھا میں نے معلوم نہیں کیا، مجھے زیادہ فکر ڈاکٹرز اور عملے کی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی سی میں وکلاء کی جانب سے ہونے والے حملے میں ایک خواتین سمیت 3 مریض انتقال کر گئے تھے جس کے بعد لاہور میں غیر معینہ مدت کے لیے رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا گیا تھا۔وزیراعظم سمیت دیگر وزراء نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسپتال پر حملہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …