‘سٹے آرڈرز کی وجہ سے مشکلات، بی آر ٹی، مالم جبہ کے ریفرنسز تیار ہیں’چیئرمین نیب جاوید اقبال

اسلام آباد(میڈیا92نیوز آن لائن) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کہا جاتا ہے بی آر ٹی پر ایکشن کیوں نہیں لیا جاتا، سٹے آرڈرز کی وجہ سے مشکلات ہیں، بی آر ٹی اور مالم جبہ کے ریفرنسز تیار ہیں۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا معاشرے میں خوبصورت یا بدصورت شکل میں کرپشن موجود ہے، کرپشن کے مکمل خاتمے کا دعویٰ نہیں کرسکتے، یہ جنگ ایک مطعفن سسٹم کے خلاف ہے، بدعنوانی کا خاتمہ ہر پاکستانی کا فرض ہے، ہم اپنے ہر قول و فعل کیلئے پروردگار کے سامنے جوابدہ ہیں۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا بادشاہت یا شہنشاہت میں احتساب کا تصور نہیں، اقتدار کی ہوس کی خاطر ملک میں عجیب و غریب تجربات کیے گئے، خود احتسابی کے اچھے نتائج نکلیں گے، ایک وہ طبقہ بھی موجود ہے جس کو نیب سے کافی شکایات ہیں، کسی کے کفن میں جیب نہیں ہوتی، عوامی امنگوں کو سامنے رکھ کر قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے، 72 سال کا مرض ہے، شفایابی کیلئے قوم کو یکجا ہونا ہوگا، کرپشن کے خاتمے کیلئے پہلی اینٹ ہم نے رکھ دی ہے۔

چیئرمین نیب نے مزید کہا حکومتیں آتی جاتی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ قائم رہنا ہے، پاکستان نے تا قیامت قائم و دائم رہنا ہے، کرپشن ایک کینسر ہے، سرجری کی ضرورت ہے، 382 بلین کی ریکوری کی ہے، 2017 کے بعد 153 بلین کی ریکوری ہے، عدالتوں میں 1261 بدعنوانی کے کیسز زیر التوا ہیں، 1261 کیسز 943 بلین کے ہیں، 1261 ریفرنسز کیلئے صرف 25 عدالتیں ہیں، قانون میں لکھا ہے 30 دن میں فیصلہ کریں، ہر سیاستدان اور بیوروکریٹ کی عزت کرتے ہیں۔

جاوید اقبال نے کہا تعصب، بےروزگاری کی وجہ بدعنوانی ہے، جو جائیداد انگریز نہیں خرید سکتے وہ پاکستانیوں نے خرید رکھی ہیں، کسی گٹھ جوڑ کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہمارا گٹھ جوڑ صرف پاکستان سے ہے، ریاست مدینہ کے خواب کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے، کچھ تعبیروں کیلئے صرف محنت کی ضرورت ہے، ریاست مدینہ کیلئے حکومت کو خود رول ماڈل بننا ہوگا، ریاست مدینہ میں کسی کو کسی پر تقویت نہیں، ریاست مدینہ کیلئے مربوط پالیسی بنائیں، لوگ اسلامی نظام کیلئے ترس رہے ہیں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا ویکسین نہ ہونے کے باعث بچوں نے ماؤں کی گود میں دم توڑا، کروڑوں روپے فنڈز کے باوجود کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین نہیں، میں خود بیوروکریٹ رہا ہوں، مسائل کا علم ہے، عبادت سے جنت اور لوگوں کی خدمت سے رب ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …