گنے کی زیادہ پیدوار نے آدھے ملک کو شوگر کر دی ہے: خواجہ آصف

(میڈیا92نیوزآن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ گنے کی زیادہ پیداوار نے آدھے ملک کو شوگر کر دی ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس نواب محمد یوسف تالپور کی زیر صدارت ہوا جس میں چشمہ جہلم لنک کینال پر پن بجلی منصوبے کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کو بھیجنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی سیکریٹری آبی وسائل نے اجلاس کو بتایا کہ اس بات کے حق میں نہیں کہ چشمہ جہلم لنک کینال منصوبہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جایا جائے جب کہ سیکریٹری آبپاشی سندھ نے کہا کہ ہم اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں لے کر جائیں گے۔

نواب یوسف تالپور کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا اس منصوبے پر اعتراض ہے جب کہ مسلم لیگ ن کی مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب یہ منصوبہ متنازع بن چکا لہذا اس کو مشترکہ مفادات کونسل کو بھیجا جائے۔

سیکریٹری آبپاشی پنجاب نے کہا کہ کسی کو پانی چوری ہونے کا خدشہ ہے تو آبی ذخائر پر ٹیلی میٹری سسٹم لگالیں، ارسا یہ ٹیلی میٹری سسٹم کیوں نہیں لگاتا، ٹیلی میٹری سسٹم چشمہ، تربیلا اور دیگر مقامات پر لگائیں۔

وفاقی سیکریٹری آبپاشی کا کہنا تھا ارسا نے فنڈز دستیابی کے باوجود ٹیلی میٹری سسٹم میں تاخیر کی، ہم اب ارسا سے یہ فنڈز واپس لے رہے ہیں، اب ارسا اپنے فنڈز سے ٹیلی میٹری سسٹم لگائے، ان کے پاس 60 کروڑ روپے پڑے ہیں۔

واپڈ حکام نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دیا میر بھاشا ڈیم 4500 میگاواٹ کا منصوبہ ہے جو ساڑھے 8 سال میں مکمل ہو گا، دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کی مد میں 12 ارب روپے جمع ہوئے جو سپریم کورٹ کے پاس موجود ہیں۔

رہنما ن لیگ خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کو لکھا جائے کہ یہ فنڈ ٹرانسفر کریں۔: خواجہ آصف کا کہنا تھا گنے کی کاشت ملک کو برباد کر رہی ہے، سارا پانی گنے کو چلا جاتا ہے اور پھر چینی بھی نہیں بکتی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر کی زیادہ پیداوار نے آدھے ملک کو شوگر کر دی ہے، ایک چیز باہر سستی ہے تو درآمد کر لینی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …