البانیہ میں شدید زلزلے سے عمارتیں زمین بوس، 4 افراد ہلاک

البانیہ(میڈیا 92نیوزآن لائن) میں شدید زلزلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور لوگ ملبے تلے دب گئے۔ زلزلے کے نتیجے میں اب تک 4 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے ایک شخص زلزلے کے خوف سے اونچی عمارت سے چھلانگ لگانے کے باعث گرکر ہلاک ہوا۔

البانیہ کی وزارت دفاع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ زلزلے میں ابتدائی طور پر 150 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ زلزلہ منگل کی علی الصبح آیا جس نے دارالحکومت کے 34 کلو میٹر کے شمال مغربی علاقے کو متاثر کیا جب کہ زلزلہ سربیا کے شہر سمیت پورے خطے میں 700 کلو میٹر تک محسوس کیا گیا۔

ریسکیو حکام نے زلزلے کے نتیجے میں ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکالنے کی تصدیق کردی ہے جن میں ایک بوڑھی خاتون بھی شامل ہیں۔ ترجمان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو اہلکار اور آرمی کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق البانیہ میں زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 5.3 تک تھی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …