فائیو اسٹار ہوٹل سے آپ کیا چیزیں گھر لے جا سکتے ہیں؟

(میڈیا92نیوزآن لائن) اکثر لوگ کسی بھی نئے شہر میں مختصر قیام کے لیے فائیو یا فور اسٹار ہوٹلوں کا انتخاب کرتے ہیں اور وہاں انہیں بیشتر سہولیات اور چیزیں کمرے میں ہی فراہم کی جاتی ہیں۔

ہم میں سے شاید بہت ہی کم لوگوں کو یہ بات معلوم ہوگی کہ فائیو اسٹار ہوٹل میں فراہم کی جانے والی چیزوں میں سے کیا کیا چیزیں چیک آؤٹ کرتے ہوئے ہم اپنے ساتھ گھر لے جا سکتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ان چھوٹی موٹی چیزوں کے بارے میں بتائیں گے جو کہ فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرنے والے صارفین اپنے ساتھ گھر لے جاسکتے ہیں۔

باتھ روم میں استعمال کرنے کی چند چیزیں: فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرنے والے کمرے میں صارف کو باتھ روم کے استعمال کی کچھ چیزیں دی جاتی ہیں جن میں چھوٹے شیمپو کی بوتل، ہینڈ واش، کنڈشنر، ٹوتھ پیسٹ اور ٹوتھ برش وغیرہ شامل ہیں۔ یہ تمام چیزیں اگر صارف ہوٹل میں ہی چھوڑ دیں تو ہوٹل انتظامیہ ان چیزوں کو پھینک دیتی ہے، کیونکہ کمرے میں آنے والے ہر نئے شخص کو ہوٹل نئی چیزیں فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرتے ہیں تو آپ کو یہ بات بھی معلوم ہونی چاہیے کہ آپ سے ان تمام تر لگژری چیزوں کے پیسے لیے جاتے ہیں اس لیے ان چیزوں کو اپنے ساتھ لے جانے میں کوئی ممانعت نہیں ہے۔

پاؤں میں پہننے والے سلیپرز: باتھ روم کے علاوہ فائیو اسٹار ہوٹلز میں کمرے میں پہننے کے لیے سلیپرز بھی دیے جاتے ہیں اور یہ سلیپرز ہوٹل انتظامیہ آپ کے جانے کے بعد پھینک دیتی ہے کیونکہ وہ ہر نئے آنے والے صارف کو نئے سلیپرز فراہم کیے جاتے ہیں۔ آپ فائیو اسٹار ہوٹل سے جاتے وقت سلیپرز کو اپنے ساتھ گھر لے کر جا سکتے ہیں۔

نوٹ پیڈ اور پین: تقریباً ہر فائیو اسٹار ہوٹل میں صارفین کو ہوٹل کی جانب سے پین اور نوٹ پیڈ بھی فراہم کیا جاتا ہے اگر صارف یہ نوٹ پیڈ اور پین اپنے ساتھ لے جائیں گے تو ہوٹل انتظامیہ کو اس بات سے کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ آئیے، اب ہم آپ کو ایسی چیزوں کے بارے میں بھی بتائیں جو کہ فائیو اسٹار ہوٹل میں رہنے والے صارفین اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتے۔

بیڈ شیٹ اور تکیہ: فائیو اسٹار ہوٹل میں عام طور پر بستر اور تکیہ بے حد آرام دہ اور نرم ہوتے ہیں۔ اگر آپ فائیو اسٹار ہوٹل کے کمرے کے تکیے اور بیڈ شیٹ کو ساتھ لے جائیں گے تو ہوٹل انتظامیہ آپ سے اس کی رقم وصول کرنے کی مجاذ ہے۔

تولیہ: فائیو اسٹار ہوٹل میں صارف کو دیے جانے والے تولیے اگر کوئی شخص اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کرتا ہے تو ہوٹل انتظامیہ تولیہ کے غائب ہونے پر صارف پر جرمانہ عائد کر سکتی ہے۔ آپ یہ تولیے ساتھ نہیں لے جا سکتے کیونکہ انہیں دھو کر دوبارہ استعمال کے قابل بنایا جاتا ہے۔

چائے کے کپ اور گلاس: ہوٹل انتظامیہ صارف کو پیش کیے جانے والے تمام تر برتنوں کا حساب رکھتی ہے اگر کوئی صارف انہیں اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کرتا ہے تو ہوٹل انتظامیہ اس کے بل میں جرمانہ عائد کر سکتی ہے اور آپ ہرگز یہ چیزیں ساتھ نہیں لے جا سکتے۔

استری (آئرن) عموماً فائیو اسٹار ہوٹلز میں مہمانوں کو کمروں کے اندر ہی استری بھی فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے کپڑے استری کر سکیں۔ یاد رکھیں، یہ استری ہوٹل انتظامیہ کی ملکیت ہے اور آپ کو دی جانے والی ایک سہولت ہے۔ آپ اس کے پیسے ادا نہیں کرتے اسی لیے اس ساتھ لے جانا بھی چوری کے ذمرے میں آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …