جیل میں قید (ن) لیگ کے رہنما خواجہ سعدکو ٹائیفائیڈ ہوگیا

لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق جیل میں بیمار ہوگئے۔ لاہور کی احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف پیرا گون ہاوسنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے خواجہ سعد اور سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا۔

دورانِ سماعت عدالت نے خواجہ سعد اور سلمان رفیق کو روسٹرم پر بلا لیا، خواجہ برادران کی جانب سے ایڈووکیٹ اشتر اوصاف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ برادران کے خلاف جو ریفرنس نیب نے پیش کیا اس کی بنیاد غلط ہے، نیب حکام نے ریفرنس حقائق کے برعکس دائر کیا، ایس ای سی پی اور کمپنی ایکٹ کا جائزہ لینے کے بعد ریفرنس فائل نہیں کیا گیا، کمپنی ایکٹ 2017 کے مطابق یہ ریفرنس نیب کے حدود میں نہیں آتا۔

اشتر اوصاف نے مزید کہا کہ ریفرنس دائر کرنے کی غلطی نیب سے ہوچکی ہے اور وہ غلطی کو چھپا رہے ہیں، قانون اور آئین کے مطابق بات کرنا ہمارا فرض ہے، پراسیکیوشن بھی قانون اور آئین کی بات عدالت میں کرے، فرد جرم عائد کرنا بھی عدالت کا کام ہے اور فرد جرم کو ختم کرنا بھی عدالت کا اختیار ہے۔عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ جیل میں ایک ہفتے سے بیمار ہوں،بلڈ ٹیسٹ کروائے گئے ہیں ٹائیفائیڈ کی تشخیص ہوئی ہے۔واضح رہےکہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گزشتہ برس دسمبر میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد خواجہ برادران کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا۔

نیب کی جانب سے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، جس کے بعد نیب لاہور نے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔نیب لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔نیب کے مطابق خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …