وزیراعظم عمران خان امریکا سے وطن واپسی کیلئے روانہ

نیویارک (میڈیا92نیوز آن لائن) وزیر اعظم عمران خان امریکا سے وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئے۔ گزشتہ روز وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں امریکا سے وطن واپس آرہے تھے کہ ان کے طیارے میں فنی خرابی پیش آگئی تھی جس کے باعث انہیں واپس نیویارک لینڈ کرنا پڑا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ ٹورنٹو کے قریب طیارے میں معمولی تکنیکی خرابی پیش آئی جس کے بعد کسی قسم کا رسک لیے بغیر طیارے کو دوبارہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ کی جانب موڑ ا گیا۔

وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب، کشمیر میں مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا وزیراعظم نے بقیہ دن نیویارک میں گزارا جس کے بعد اب وہ نجی پرواز کے ذریعے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ سے وطن واپس روانہ ہوئے، وہ نیویارک سے براستہ جدہ پاکستان پہنچیں گے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کو نیویارک سے رخصت کیا، وزیراعظم سعودی عرب کے شہر جدہ میں 3 گھنٹے قیام کریں گے جس کے بعد وہ کل شام اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے باقی وزراء کو دوسری فلائٹ سے پاکستان جانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات احمد جواد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے تاریخی خطاب اور اقوام متحدہ کے کامیاب دورے کی تکمیل کے بعد اتوار کی شام اسلام آباد پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور مسلسل محاصرے اور ذرائع مواصلات کی بندش کے باعث کشمیر یوں کو درپیش مصائب و مشکلات کو بھر پور اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …