سپریم کورٹ میں دلچسپ صورتحال، وکیل کے اپنے ہی موکل کیخلاف دلائل

اسلام آباد(میڈیا92نیوز آن لائن)سپریم کورٹ میں اس وقت انتہائی دلچسپ صورحال پیدا ہو گئی جب ایک مقدمے کی سماعت کے دوران وکیل نے اپنے ہی مؤکل کے خلاف دلائل دینا شروع کر دیئے۔سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں خاندانی زمین کے تنازع پر اپیل کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت وکیل نے اپنے موکل کے خلاف اور مخالف فریق کے حق میں دلائل دینا شروع کردیئے۔

سائل کی جانب سے بھی وکیل کو لقمے دیئے گئے لیکن وکیل نے ایک نہ سنی اور اپنے دلائل جاری رکھے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا وکیل صاحب! آپ کس فریق کا کیس لڑ رہے ہیں؟ آپ بھائی کی طرف سے دلائل دے رہے ہیں یا بہن کی طرف سے؟وکیل سجاد حسن شاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ میں بہن کی طرف سے دلائل دے رہا ہوں۔

جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے کہ وکیل صاحب آپ نے بھائی کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرایا ہے، آدھے گھنٹے سے سماعت چل رہی ہے، آپ مخالف فریق کے حق میں دلائل دے رہے ہیں۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ کی جانب سے پیش کیے گئے ثبوت اور عدالتی فیصلے کا حوالہ بھی مخالف فریق کے حق میں ہے۔

وکیل سجاد حسن شاہ نے کیس کی فائل سائل کو تھما دی جب کہ عدالت نے سجاد حسن شاہ ایڈووکیٹ پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔جسٹس مشیر عالم نے وکیل کو عدالت کے سامنے جرمانہ سائل کو دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فیس لیتے ہوئے آپ کو جلدی ہوتی ہے، کیس بھی پڑھا کریں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …