انجانے میں بٹن دبانے پر مصروف ترین ایئرپورٹ 4 گھنٹوں کے لیے بند ہو گیا

لاہور(میڈیا92نیوز) آج جلدی کس کو نہیں ہے،ہر کوئی بھاگ رہا ہے کسی کو ٹرین پکڑنی ہے تو کسی نے بس میں سوار ہونا ہے کسی نے جہاز میں سفر کرنا ہے تو کسی نے کہیں بہت جلد پہنچنا ہے مگر اسی جلد بازی میں انجانے میں کچھ ایساہو جاتا ہے جو بہت سوں کے لیے پریشانی کا باعث بن جاتا ہے۔چونکہ ایئر پورٹ،پلیٹ فارم اور دیگر بس اڈوں پر لگے ایمرجنسی ایگزٹ،فائر آلات اور اسی قسم کی دیگر چیزوں کے استعمال سے لوگ واقف نہیں ہوتے اور جب انجانے میں ان کا استعمال کر بیٹھتے ہیں تو اس سے ہر طرف خوف و حراس پیدا ہو جاتا ہے۔
ایسا ہی کچھ جرمنی کے شہر میونخ میں ایک واقعہ پیش آیا ہے۔کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ایک شخص کے محض چند قدم کسی مصروف ترین ائیرپورٹ کی بندش، سیکڑوں پرواز وں کی منسوخی اور ہزاروں افراد کی مشکلات کا باعث بن جائیں؟ایسا واقعہ جرمن شہر میونخ میں پیش آیا جہاں تھائی لینڈ سے تعطیلات منا کر لوٹنے والے شخص کی لاشعوری چہل قدمی نے انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 27 اگست کو میونخ ائیرپورٹ پر کنکٹنگ پرواز کے منتظر اس نامعلوم شخص کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا، جس سے ہوائی اڈہ کئی گھنٹوں تک بند رہا اور 200 کے قریب پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔مقامی حکام کے مطابق یہ شخص مسافروں کے مخصوص علاقے سے ٹوائلٹ جانے کے لیے نکلا اور واپسی پر الجھن کا شکار ہوگیا کیونکہ دیگر مسافر جاچکے تھے۔
اس شخص نے پھر میڈرڈ جانے والی کنکٹنگ پرواز کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر وہ بٹن دبا دیا جس نے ایمرجنسی دروازے کھول دیئے۔یہ ایمرجنسی دروازے ائیرپورٹ کے اس مخصوص حصے کی جانب جاتے ہیں جو ان مسافروں کے لیے مخصوص ہوتے ہیں جن کو سیکیورٹی کلیئر قرار دے چکی ہوتی ہے۔اس مسافر کے بٹن دبانے پر سیکیورٹی حکام میں کھلبلی مچ گئی اور ائیرپورٹ کے 2 ٹرمینل سے جزوی انخلا عمل میں آیا جبکہ ہوائی اڈے کی بندش 4 گھنٹے تک برقرار رہی۔
میونخ جرمنی کے مصروف ترین ائیرپورٹس میں سے ایک ہے اور ائیرپورٹ کی بندش سے 5 ہزار کے قریب مسافر متاثر ہوئے۔پولیس کی جانب سے نامعلوم شخص کی شناخت نہیں بتائی گئی تاہم اس کا تعلق اسپین سے تھا اور 20 سے 30 سال کے درمیان عمر تھی۔پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جس نے جواب میں بتایا کہ وہ اپنی غلطی پر بہت خوفزدہ ہے۔رپورٹ کے مطابق اس شخص کو سزا دیئے جانے کا امکان نہیں کیونکہ اس سے یہ سب غلطی سے ہوا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …