امریکا نے ‘بلوچستان لبریشن آرمی’ کو عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرلیا

امریکا نے بلوچستان میں سرگرم کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو عالمی دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں شامل کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق امریکا کی جانب سے یہ قدم ‘بی ایل اے’ کے ان خونی حملوں کے بعد اٹھایا گیا، جن میں چینی مفادات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

واشنگٹن کی پابندی کے بعد امریکا میں موجود کسی بھی شخص کی طرف سے گروپ کی معاونت قابل جرم ہوگی، جبکہ گروپ کا کوئی اثاثہ اگر امریکا میں موجود ہوا تو اسے منجمد کر دیا جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘پابندی کی زد میں آنے والی بلوچستان لبریشن آرمی ایک مسلح گروپ ہے جو پاکستان اور بالخصوص بلوچ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔’

واضح رہے کہ پاکستان 2004 سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہا ہے، جہاں دہشت گردوں نے حال میں چین کی سرمایہ کاری سے چلنے والی تنصیبات پر متعدد حملے کیے ہیں۔

بی ایل اے نے پاکستان میں چینی شہریوں کو کئی بار ہدف بنایا ہے جس میں نومبر 2018 کا کراچی میں چینی قونصل خانے کا حملہ بھی شامل ہے، جس میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

مئی میں بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک فوجی اہلکار سمیت 5 افراد شہید ہوئے۔

بلوچستان لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے چین کو ‘بلوچستان میں استحصالی منصوبے’ بند کرنے اور مزید حملوں کی دھمکی دی تھی۔

خیال رہے کہ امریکا، چین کے ‘ون بیلٹ ون روڈ’ کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے اور چین پر اس منصوبے کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کے جال میں پھنسانے کا الزام عائد کرتا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ
‘بی ایل اے’ کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان نے امریکی انتظامیہ کی طرف سے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد فہرست میں ڈالنے کو نوٹ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘بی ایل اے 2006 سے پاکستان میں کالعدم ہے اور حالیہ عرصے میں ملک میں کئی دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہے۔’

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ امریکا کی طرف سے دہشت گرد فہرست میں شامل کیے جانے سے ‘بی ایل اے’ کی آپریٹ کرنے کی گنجائش کم ہوجائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘اہم بات یہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے، اس کے آرگنائزرز، فنانسرز اور بیرونی اسپانسرز کا بھی احتساب کیا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جائے گا۔’

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …