غزہ کے اسپتالوں میں سہولیات ختم، ڈاکٹر مریض کو بیہوش کیے بغیر آپریشن کرنے پر مجبور

میڈیا 92 نیوزڈسک
غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری 12ویں روز بھی جاری ہے، مسلسل بمباری اور سخت ترین ناکہ بندی کے باعث اسپتالوں میں بنیادی سہولیات ختم ہوگئیں، ڈاکٹر اسپتالوں کے صحن میں بے ہوش کیے بغیر آپریشن کرنے پر مجبور ہیں۔

غزہ سٹی اور جنوبی علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر تازہ حملوں میں عورتوں بچوں سمیت کئی فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے اسکول کو بھی نقصان پہنچا اور اسپتال پر حملے کے بعد اسرائیل نے ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینی شہیدکردیے، اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 4 سو سے زائد ہوگئی جب کہ 12 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مزید اسپتال بھی اسرائیل کے نشانے پر ہیں، القدس اور الشفا اسپتال اور ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر کے قریبی علاقوں پر 30 منٹ تک بمباری کی گئی، اسپتال کا عملہ اور مریضوں کے دل دہل گئے۔

غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر مدحت عباس نے جیو نیوز سےگفتگو میں کہا کہ اسپتالوں کے صحن میں، آپریشن روم میں اور ایمرجنسی روم کی زمین پر سیکڑوں افراد پڑے ہیں، ان افراد میں اکثریت معصوم بچوں کی ہے۔

ڈاکٹر مدحت عباس کا کہنا تھا کہ غزہ کے اسپتالوں کے صحن میں بے ہوش کیے بغیر آپریشن کیے جارہے ہیں، اُن لوگوں کی زندگیاں بچانےکی کوشش کی جارہی ہے جن میں جینےکی امید باقی ہے، باقیوں کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی کا کہنا ہےکہ غزہ کے لوگوں کے لیے وقت ختم ہو رہا ہے، ہمیں ابھی فوری امدادی سامان چاہیے، پیغام واضح ہے، غزہ کو تباہ کن انسانی بحران کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہےکہ غزہ میں پینےکا پانی ختم ہوچکا، بچےگندا پانی پینے پر مجبور ہیں، غزہ میں صورتحال تباہ کن ہے، خان یونس میں گزشتہ روز چکن پاکس کا پہلا کیس سامنےآیا، غزہ میں لوگ اسرائیلی فوج کے حملے سے نہیں مرے تو آلودگی اور وبائی امراض پھیلنے سے مرجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …