افغانستان میں ملٹری بیس کے قریب خودکش کار بم حملے میں آٹھ فوجی مارے گئے

کابل (آن لائن) مشرقی افغانستان میں صوبہ ننگرہار کے ملٹری بیس کے قریب خودکش کار بم حملے میں آٹھ فوجی مارے گئے ہیں ۔صوبائی حکومت نے اپنے بیان میں بتایا کہ ضلع شیرزاد کے علاقے گنڈومک میں باروی مواد سے بھری کار اڑا دی گئی ، اسی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری ایک اور گاڑی پکڑ لی جسے شدت پسند صوبائی دارلحکومت جلال آباد میں اڑانا چاہتے تھے ۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق ضلع شیرزاد میں ہونیوالے حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کے نام ایک پیغام میں بتایا کہ بمبار ملامحمد یوسف نے اپنے آپ کو اڑایا جس کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد مارے یا زخمی ہوگئے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان طالبان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں پر بمباری کر رہا ہے جبکہ اس سے قبل پینٹاگون نے طالبان پر تشدد میں کمی نہ لا کر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے لیے مذاکرات جاری تھے اور اب امریکی انتظامیہ بدلی تو خودکش حملے کی بھی خبرآگئی۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان میں انتخابات میں مداخلت پر تشویش ہے تحقیقات کی جائیں، امریکا

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد اور لاکھوں شہریوں کی جانب …