پاکستان کیساتھ مضبوط شراکت داری اور گہری دوستی ہمیشہ برقرار رکھیں گے: چین

چین نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ پاکستان کا ہمیشہ مضبوط شراکت دار اور قریبی دوست رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یاؤجنگ نے آج اسلام آباد میں ایک تقریب میں کیا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور اداروں کی کوششوں سے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

یاؤجنگ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے وقت چین کے لئے پاکستان کی مدد اور تعاون کو بھی سراہا۔ اس موقع پر قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے ادارے کے چیئرمین محمد افضل نے کہا کہ کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے چین پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ ایم ایل ون کی منظوری پر چینی حکومت کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ نے سی پیک اتھارٹی کا دورہ کیا اور ایکنک کی جانب سے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری پر چینی حکومت کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …