کیا افغانستان میں ایک کروڑ سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہوئے؟

دنیا بھر کی طرح افغانستان میں بھی کرونا وائرس کے حملے جاری ہیں، اس مہلک وائرس نے افغانستان میں ایک کروڑ سے زائد افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، افغانستان کی وزارت صحت نے ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق افغانستان کے وزیر صحت احمد جواد عثمانی نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے اعداد وشمار بتائے، ان کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ملک بھر میں اینٹی باڈیز ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونیوالے ایک سروے سے حاصل ہوئے ہیں۔

افغان وزارت صحت کے مطابق ملک میں 95 ہزار افراد کے اینٹی باڈیز ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس کی بنیاد پر یہ تخمینہ لگایا گیا کہ افغانستان کے کل 3 کروڑ 20 لاکھ افراد کا 31.5 فیصد یعنی ایک تہائی آبادی سے زائد لوگ کرونا وائرس کی زد میں ہیں۔

جواد عثمانی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے انفیکشن کی دوسری لہر کا آغاز ہوچکا ہے اور ہمارا ملک اس حوالے کوئی مختلف نہیں لہٰذا ہم اس سروے کے نتائج سے مستفید ہوتے ہوئے اس وبا کی دوسری ممکنہ لہر سے نمٹنے کی تیاری کیلئے اقدامات کرینگے۔

افغانستان میں کرونا ٹیسٹ کی محدود سہولت کے باعث سرکاری سطح پر اب تک اس وائرس کے 36 ہزار کیسز کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1200 بتائی گئی ہے، دوسری جانب ورلڈ میٹر کے مطابق افغانستان میں کرونا کیسز کی تعداد 36,896 ہے جبکہ1,298 اموات ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …