ڈونلڈ ٹرمپ جاتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں کے کوڈ والا بریف کیس ساتھ لے گئے

واشنگٹن ( آن لائن) امریکی ٹی وی چینل سی این این کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ایٹمی ہتھیاروں کے خفیہ کوڈز والا سوٹ کیس اپنے ساتھ فلوریڈا لے گئے۔ڈونلڈ ٹرمپ اپنے الوداعی خطاب کے بعد ریاست فلوریڈا کیلئے روانہ ہوگئے ہیں اور ان کے ساتھ ہی ایٹمی ہتھیاروں کے خفیہ کوڈز والا سوٹ کیس بھی ان کے ساتھ روانہ کیا گیا ہے۔امریکہ میں یہ روایت رہی ہے کہ سبکدوش ہونے والا صدر اپنی نگرانی میں یہ سوٹ کیس نئے صدر کو منتقل کرتا ہے لیکن اس بار ایسا اس لیے ممکن نہیں ہوپایا کیونکہ ٹرمپ نئے صدر جوبائیڈن سے ملے ہی نہیں۔ایٹمی ہتھیاروں کے خفیہ کوڈز کا یہ بریف کیس 22 کلو وزنی ہوتا ہے جس کے اندر کمیونیکیشن کا ناقابل تسخیر نظام ہوتا ہے، اس میں نہ صرف ایٹمی ہتھیاروں کے خفیہ کوڈز ہوتے ہیں بلکہ اس میں ایک ایسا ٹیلی فون بھی ہوتا ہے جس کو جام نہیں کیا جاسکتا، اس کے ذریعے امریکی صدر ہر قسم کے حالات میں پینٹاگون کے ساتھ رابطے میں رہ سکتا ہے اور کہیں سے بھی ایٹمی حملے کا حکم دے سکتا ہے۔یہ سوٹ کیس 22 کلو وزنی ہوتا ہے جسے ’نیوکلیئر فٹبال‘ بھی کہا جاتا ہے، جب ڈونلڈ ٹرمپ گالف کھیلا کرتے تھے تو اس کو اس وقت بھی اپنے ساتھ ہی رکھا کرتے تھے۔سی این این کے مطابق اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایٹمی فٹبال نئے صدر کے حوالے نہیں کی لیکن پینٹاگون کے پاس ایسے تین بریف کیس ہیں۔ ان میں سے ایک جوبائیڈن کو پیش کردیا جائے گا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس موجود ایٹمی فٹبال کو امریکی وقت کے مطابق بدھ کو دن 11 بج کر 59 منٹ اور 59 سیکنڈ پر ناکارہ کرکے جوبائیڈن کے بریف کیس کو ٹھیک 12 بجے ایکٹو کردیا جائے گا۔ بعد ازاں فوج کا ایک عہدیدار فلوریڈا جا کر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کا بریف کیس لے آئے گا اور اسے نئی امریکی انتظامیہ کے حوالے کردے گا۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان میں انتخابات میں مداخلت پر تشویش ہے تحقیقات کی جائیں، امریکا

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد اور لاکھوں شہریوں کی جانب …