اسلام آباد (میڈیا پاکستان آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی منی ٹریل جمع کروانے کے بعد ایک بار پھر نتھیا گلی پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے گزشتہ دنوں بھی تمام سیاسی ہنگام سے جان چھڑانے کیلئے نتھیا گلی میں لمبے عرصے تک ڈیرے لگائے رکھے اور پورا رمضان اسی پر فضا مقام پر گزارا۔ اب ایک بار پھر وہ واپس نتھیا گلی پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل فیس بک پیج پر عمران خان کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں جس میں انہیں مختلف پارٹی ورکرز اور دوستوں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کو عمران خان نے سپریم کورٹ میں نا اہلی کیس میں اپنا جواب جمع کراتے ہوئے بنی گالہ اراضی کی خریداری کی منی ٹریل جمع کرائی تھی جس کے بعد انہوں نے اتوار کو ہنگامی پریس کانفرنس کی اور واضح کیا تھا کہ ان کی رسیدیں پوری ہیں جن کی کوئی بھی تصدیق کر سکتا ہے۔
