شوگر ملزمالکان نے گنے کی نئی قیمتوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چلینج کردیا

کراچی(نیٹ‌نیوز) سندھ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی گنے کی نئی قیمتوں کو شوگر ملز مالکان نے ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے شوگر ملز مالکان کی جانب سے سندھ میں گنے کی نئی قیمتوں کے تعین سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔

شوگر ملز مالکان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گنے کی قیمتوں سے متعلق سندھ حکومت کا 7 دسمبر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، صوبائی حکومت نے اجلاس میں مالکان کا مؤقف سنے بغیر گنے کے نرخ مقرر کیے۔

ملز مالکان کے وکیل نے استدعا کی کہ گنے کی قیمتوں کے حکومتی اعلان پر حکم امتناع جاری کیا جائے، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ آپ نے کاشتکاروں کو پچھلے سال کی ادائیگی نہیں کی، حکم امتناع کیوں مانگ رہے ہیں۔

فاضل جج نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں گنے کے یکساں نرخ مقرر کیے گئے ہیں پھر کیا مسئلہ ہے، عدالت نے شوگر ملز مالکان کو حکم امتناع دینے کی استدعا مسترد کردی۔

عدالت نے سیکرٹری زراعت کو 18 دسمبر کو طلب کرتے ہوئے کین کمشنر اور دیگر فریقین کو بھی آئندہ سماعت کے لیے نوٹسز جاری کردیے۔

یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے آبادگاروں کی دھمکی کے بعد گنے کی فی من قیمت 182 روپے مقرر کرتے ہوئے 7 دسمبر کو اس کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

شاہین شاہ میں سپر اسٹار بننے کیلئے سب کچھ ہے، عاقب جاوید

لاہور (میڈیا 92)سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا …