نواز شریف کی جائیداد نیلامی ، بوٹا زمین خریدنے کیلئے پہنچ گیا

لاہور(سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔شیخوپورہ میں نوازشریف کی زمین کی نیلامی کیلئے محمد بوٹا نامی ایک خریدار پہنچ گیا جس نے بولی میں حصہ لینے کے لیے 10 لاکھ زر ضمانت جمع کرائے۔محمد بوٹا کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں کوئی اچھاکام ہونے لگا ہے تو سب کوحصہ لینا چاہیے، بڑے لوگ بھی قانون کے تابع آنے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمین کو دعویداروں کو دیکھنا انتظامیہ کا کام ہے،جب حکومت نیلامی کرے گی ہم تو حصہ لیں گے۔اس سے قبل شیخوپورہ میں نوازشریف کی 11 ایکڑ 4 مرلے زمین آج نیلامی کے لیے پیش گئی اور اس سلسلے میں جائیداد کی نیلامی کے لیے عدالتی حکم پڑھ کر سنایا گیا جب کہ جائیداد کی نیلامی کے دوران دو دعویدار سائل سامنے آگئے۔دعویدار مختار حبیب اور نوید ناصر نے دعویٰ کیا کہ وہ زمین کے وراثتی مالک ہیں اور زمین ان کی ہے اس کی نیلامی کیسے کی جاسکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے زمین کے دعویداروں کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی زمین کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے لوگوں بلایا جارہا ہے تاحال کسی نے بھی بولی میں حصہ نہیں لیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ 11ایکڑ 4 مرلے اراضی کی نیلامی یکمشت ہوگی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیلامی کا اشتہار شائع کروایا جا چکا ہے۔
شیڈول ریٹ کے مطابق فی ایکڑ قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے اور نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائےگی جب کہ کال ڈپازٹ جمع کروائے بغیر بولی میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

لاہور؛ لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشان

لاہور: محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ …