جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں بڑی پیشرفت، مقدمہ درج، ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے

لاہور(سپیشل رپورٹر) محکمہ اینٹی کرپشن اور ضلعی انتظامیہ پنجاب بھر میں قبضہ و لینڈ مافیا کیخلاف متحرک ہو گئے ہیں، جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مشیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اورنگ زیب بٹ کے بیٹے ذیشان بٹ کیخلاف غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، ملزموں پر کنورژن فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کاالزام ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر گجرات سیف انور جپہ نے گجرات سٹی ہاؤسنگ سکیم کے مالک ذیشان زیب بٹ کیخلاف ریفرنس بھجوایا تھا، ریفرنس میں ذیشان بٹ، مقبول احمد پٹواری، سجاد اسلم پٹواری، آصف شفیع اور رضوان چودھری کیخلاف غیر قانونی طور پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے پر مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی تھی، ریفرنس کے مطابق ملزموں نے کنور ژن اور رجسٹریشن فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ملزم ذیشان بٹ نے اپنے ملازمین کے نام بے نامی جائیداد خرید کر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی، ملزموں نے 41 کنال دو مرلہ رقبہ غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے سوسائٹی میں شامل کر رکھا ہے، اندراج مقدمہ کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

اسٹیٹ بینک کے بالواسطہ وفاقی حکومت کو قرض فراہم کرنیکا انکشاف

اسلام آباد: ایک آزاد تھنک ٹینک نے اسٹیٹ بینک پر الزام لگایا ہے کہ وہ وفاقی …