راولپنڈی(میڈیا پاکستان ) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کی زیرصدارت اجلاس ،فیفاکی طرف سے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد کی گئی پابندی پربحث،قانونی پہلوؤں پر غور کیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ امجد علی خان ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپو رٹس بورڈڈاکٹر اختر نواز گنجیرا ودیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیفا کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر تفصیلی بحث کی گئی اور اس کے متعلق دستیاب قانونی پہلوؤں پر غور کیا گیا ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ صورت حال پاکستان فٹبال فیڈریشن میں موجود دو گروپوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے سامنے آئی اورعدم تعاون کے باعث فیڈریشن کا کسی قسم کا آڈٹ نہیں کرایا گیا۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ملک میں فٹبال کی ترقی اورکھلاڑیوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دی جائے تا کہ اس مسئلہ سے مستقل طور پر نمٹا جا سکے ۔ انہوں نے کہا اس معاملہ کو حل کرنے کے لیے ملکی و غیر ملکی قانون کو سامنے رکھتے ہوئے متعلقہ لوگوں کی مشاورت سے پائیدار حل تلاش کیا جائے اورحکومت اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ موجودہ حالات میں عام فٹبالرز کو نقصان نہ ہو ۔
دوسری جانب صورتحال سے نوجوان فٹبالرز، کوچز اور منتظمین سخت مایوس ہو گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں باہمی لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے پہلے ہی اڑھائی برس سے تعطل کا شکار تھیں اوراب معطلی کے بعد جوکھلاڑی اور ریفریز انفرادی طور پر بیرون ملک جارہے تھے وہ بھی پابندی کا شکار ہو گئے ہیں ۔
