آئی سی سی کے نئے قوانین کا بھی ڈیبیو ہوگیا

ابوظبی(میڈیا پاکستان) ابوظبی ٹیسٹ میں آئی سی سی کے نئے قوانین کا بھی ڈیبیو ہوگیا، نئے قواعد و ضوابط کے مطابق امپائرز کو میدان میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو باہر بھیجنے اور حریف ٹیم کو پنالٹی رنز دینے کا اختیار حاصل ہے،اگر کپتان کھلاڑی کو گراؤنڈ سے باہر بھیجنے سے انکار کرے تو امپائر حریف ٹیم کو فاتح قرار دے سکتا ہے،اننگز کے 80اوورز مکمل ہونے پر مزید ریویوز نہ دینے کی پالیسی کا بھی پہلی بار اس میچ میں ہی اطلاق ہوا۔پاکستان اپنے دونوں ریویوز ضائع کرنے کے بعد کسی فیصلے کو چیلنج کرنے کے حق سے محروم ہوچکا،نئے قانون کا البتہ اسے ایک فائدہ ہوا جب سرفراز احمد نے یاسر شاہ کی گیند پر ڈکویلا کیخلاف ایل بی ڈبلیو کیلیے ریویو لیا،اگرچہ امپائر کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوا اور بیٹسمین وکٹ بچانے میں کامیاب ہوئے لیکن گیند وکٹوں سے ٹکراگئی تھی، اس لیے پاکستان کا ریویو ضائع نہیں ہوا، پرانے قانون کے تحت مسترد ہونے والا ہر ریویو بے کار چلا جاتا تھا۔دریں اثنا حارث سہیل پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے 229 ویں پلیئر بن گئے۔
ابوظبی میں سری لنکا کیخلاف سیریز کا پہلا میچ شروع ہونے سے قبل اظہر علی نے نوجوان بیٹسمین کو ٹیسٹ کیپ پہنائی، دیگر پلیئرز نے انھیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل آل راؤنڈر نے پاکستان کی جانب سے 22 ون ڈے انٹرنیشنلز میں43 کی اوسط سے 7 نصف سنچریوں سمیت774 رنز بنائے اور9 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ 4ٹی ٹوئنٹی میچز میں انھوں نے 45 رنز اسکور کیے ہیں۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون سرفراز احمد(کپتان) ، شان مسعود، سمیع اسلم، اظہرعلی، اسد شفیق، بابراعظم،حارث سہیل،یاسر شاہ، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہے۔ سری لنکن ٹیم میں دنیش چندیمل (کپتان)،کوشل سلوا، ڈیموتھ کرونارتنے، کوشل مینڈس، لاہیرو تھریمانے، نیروشن ڈکویلا، دلروان پریرا، رنگنا ہیراتھ، سورنگا لکمل، لکشان سندکان اور نوان پرادیپ کو شامل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

ریٹائر نہیں ہورہا عمر کے بجائے کارکردگی دیکھنی چاہیے، شعیب ملک

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ عمر کے بجائے …