پوشفسٹروم(میڈیا پاکستان) جنوبی افریقا میں ہونے والی کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چمپئن شپ میں پاکستانی ویٹ لفٹر نے سونے کے 2 تمغے حاصل کرلیے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں ہونے والی کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئین شپ میں پاکستان کے پاور لفٹر اطہر بٹ نے دو گولڈ میڈل جیت لیے۔ اطہر بٹ نے 105 کلو گرام کی دو کیٹیگریز میں 2 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے صرف ایک پاور لفٹر نے کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چمپئن شپ میں شرکت کی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا، جب کہ بھارت کے 23 کھلاڑیوں نے اس ایونٹ میں شرکت کی ہے۔ پاکستانی پاور لفٹر اطہر بٹ کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پاور لفٹنگ کے متعدد ملکی و بین الاقوامی ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے متعدد ایوارڈز اپنے نام کرچکے ہیں۔
