(میڈیا پاکستان ): لاہور ریجن سینئر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار، چند منٹوں کی بارش نے میچ میں گھنٹوں کا وقفہ کرا دیا، میچ لاہور کے ویسٹ اور نارتھ زون کی ٹیموں کے مابین کھیلا جارہا ہے، بارش نے میچ بند کرایا تو کھلاڑیوں کو خوش گپیوں کا موقع مل گیا۔
ایل سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جانے والے میچ کی پہلی اننگ میں نارتھ زون نے 331 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ زون وائٹ نے کھیل کا آغاز کرنا تھا لیکن بارش سے میچ تاخیرکا شکار ہوگیا۔
گرائونڈ مینیجر عبدالحی کا کہنا تھا کہ گرائونڈ کے پچ کور پرانے ہوچکے ہیں جنہیں تبدیل کرنا ضروری ہے، پی سی بی کو بارہا کور تبدیلی کے حوالے سے درخواست کی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔
کھلاڑی سہانے موسم سے بھرپور لطف اندوز ہوئے، کسی نے دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں میں وقت گزارا، کوئی چائے کی چُسکیاں لیتا نظر آیا، کسی نے کوچ سے بیٹنگ ٹپس لیں اور کچھ تو وقت گزارنے کے لیے گرائونڈ کے ساتھ پچ کور ہٹاتے رہے۔
بلا شبہ ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور کی سب سے بہترین گرائونڈ ہے لیکن رین کور جیسی سہولیات کو بہتر بنا کر اس گرائونڈ کو موسمی تغیر و تبدل سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔
