لاہور (میڈیا 92نیوز )
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین جاری کرائسٹ چرچ ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ،انگلش ٹیم کی جانب سے دیے گئے 382 رنز کے ہدف کے تعاقب میںکیوی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 42 رنز اسکور کرلیے ہیں۔
آج میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 202 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی، تو جو روٹ 30 اور ڈیوڈ ملان 19 رنز پر ناقابل شکست تھے، دونوں کے مابین 97 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
جو روٹ 54 اور ملان 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئےتاہم بعد آنے والے بیٹسمین کچھ خاطر خواہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے، بین اسٹوکس 12 ، جونی بیئراسٹو 36، اسٹورٹ براڈ 12 اور مارک وُڈ 9 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ نے 352 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کردی اور پہلی اننگز میں 29 رنز کی برتری کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 382 رنز کا ہدف مقررکر دیاجبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن ڈی گرینڈہوم نے 4 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنائے، ٹام لیتھم 25 اور جیت راول 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔
کل میچ کا آخری دن ہوگااور نیوزی لینڈ کو سیریز جیتنے کے لیے مزید 340 رنز جبکہ انگلینڈ کوسیریز برابر کرنے کے لیے 10 وکٹیںدرکار ہیں۔