لاہور میں آج عالمی کھلاڑیوں کا سپرمیلہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک/ میڈیا 92 نیوز) یو اے ای میں پی ایس ایل میچز کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان سپر لیگ تھری اپنے وطن آگئی۔پاکستان میں ہونے والے دو پلے آف اور ایک فائنل میچ کے انعقاد کا مرحلہ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین شام سات بجے کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔جبکہ دوسرا پلے آف میچ کل 21 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگااور 25 مارچ کو فائنل میچ کراچی میں ہوگا۔پشاور زلمی کی ٹیم گزشتہ سال کی چیمپئن تھی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل میں شکست کھاگئی تھی۔لاہور میں آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے جانے والے پہلے پلے آف کی جیتنے والی ٹیم کل21 مارچ کو لاہور میں کراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی اور اس میں فاتح ہونے والی ٹیم کراچی میں 25 مارچ کو ہونے والے فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گی جس کا فائنل میں مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہوگا۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی یقین دہانی کروانے کے باوجود انکار کیا اور اگر کوئی پاکستان آکر نہیں کھیلنا چاہتاتو ہم اسے زبردستی نہیں لاسکتے۔قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کیون پیٹرسن اور شین واٹسن دونوں گلیڈی ایٹرز کے اہم پلیئرز ہیں،ان کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا تاہم کوشش کریں گے کہ لوکل پلیئرز اچھا پرفارم کریں ۔انہوں نے کہا کہ محموداللہ اور تھیسارا پریرا کی جانب سے پاکستان آنے کی حامی بھرنے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے جب کہ دوسال سے فائنل کھیلتے آرہے ہیں لیکن اس بار کوشش ہوگی کہ پچھلے میچز میں ہونے والی غلطیاں نہ دہرائیں ۔سرفراز نے کہاکہ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں دونوں ٹیموں پر پریشر ہوگا کیوں کہ ہارنے والی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی جبکہ پشاور زلمی سے ایک میچ جیتا ہے اور ایک میں ناکامی ہوئی،تاہم اب زلمی کے خلاف میچ میں فتح کیلیے بھرپور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں آئیں گے ۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 20 مارچ کو لاہور میں ہلکے بادل چھائے رہیں گے تاہم بارش کا امکان نہیں ہے جب کہ 21 مارچ کو صبح اور شام کے اوقات میں بارش اور تیز چلنے کا امکان ہے جس سے دوسرا میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …