دبئی(سپورٹس رپورٹر/میڈیا 92نیوز)پی ایس ایل تھری میں آج تیسرے دن دو مقابلے شیڈول ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی جبکہ لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ ہوگا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا شام ساڑھے چار بجے پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا ، دفاعی چیمپئن پشاور زلمی ملتان سلطانز کے خلاف پہلے میچ میں ناکام رہی تھی۔ دن کا دوسرا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول ہے۔ ایونٹ کا یہ پانچواں میچ رات نو بجے شروع ہو گا۔
پی ایس ایل تھری کے دوسرے روز کراچی کِنگز اور ملتان سلطانز نے اپنے اپنے میچ جیت لیے۔ ملتان کی جانب سے 180 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قلندرز کی پوری ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سلطانز کے سنگاکارا نے لگاتار دوسری نصف سنچری بنائی۔ اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دی۔ سرفراز الیون 150 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں 9 وکٹ پر 120 رنز ہی بنا سکی۔