پی ایس ایل کے بقیہ میچز پر ایک بار پھر خدشات کھڑے ہوگئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے معاملے پر ایک بار پھر خدشات کھڑے ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 6 کے مستقبل پر خدشات جنم لے رہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کی۔ذرائع کا کہناہے کہ امارات کے حکام کی جانب سے پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہ دینے کی وجہ سے مسائل کھڑے ہوگئے ہیں، ممبئی اور جوہانسبرگ سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹ کو لینڈنگ پرمیشن نہیں دی جارہی جب کہ آج ایک بجے کراچی اور لاہور سے پروازوں نے ٹیک آف کرنا تھا لیکن انہیں لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی، اس کے علاوہ گزشتہ روز انگلینڈ سے سے دبئی کے لیے ائیرپورٹ آنے والے پاکستانی کرکٹر حماد اعظم کو واپس بھیج دیا گیا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی فرنچائز مالکان کے ساتھ میٹنگ ختم ہوگئی جس میں فرنچائز مالکان کو بھارت اور جنوبی افریقا کی چارٹر فلائٹس کی لینڈنگ کے معاملے پر آگاہ کیا گیا۔پی سی بی کی جانب سے طلب کی گئی ایمرجنسی میٹنگ میں فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لیا گیا۔پی سی بی کا کہناہےکہ کراچی اور لاہور سے فلائٹس مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی، جن افراد کے ویزوں کا انتظار ہے وہ بعد میں جائیں گے، تمام مشکلات پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن آپشن بروئے کار لائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ابوظبی روانگی کے لیے لاہور سے چار افراد کے ویزے اب تک نہیں آئے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بقیہ میچز کے لیے متبادل وینیو کے لیے 2 گھنٹے مانگ لیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارت اور جنوبی افریقا کے کریو کو ابوظبی داخلے کی اجازت نہ مل سکی اور اس سلسلے میں ابوظبی کے حکام کا مؤقف ہے کہ ایسے ملک کے براڈ کاسٹرز کو ابوظہبی لایا جائے گا جو ریڈ لسٹ میں نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے براڈ کاسٹرز کو ابوظبی لانے کے آپشن پر بھی غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان اور پی سی بی کا ایک اور ہنگامی اجلاس شام کو ہوگا۔علاوہ ازیں سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد پر بہت ساری باتیں ہورہی ہیں مگر پی ایس ایل کے سفر میں نئی چیز یہ ہےکہ ہم فلائٹس کے لیے ہوٹل سے سہ پہر تین بجے نکل رہے ہیں، تو سب کچھ اچھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …