انضی بھائی کا کراچی ٹیسٹ سے متعلق دلچسپ تبصرہ

لاہور ( آن لائن) قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی جیت کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابراعظم نے میچ میں بہترین کپتانی کا مظاہرہ کیا، ایک لمحے کیلئے بھی محسوس نہیں ہوا کہ وہ پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ انجری کے بعد کرکٹ میں واپسی اور پھر پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی وجہ سے بابراعظم پر دباؤ تھا، ایسے میں ٹاس کی اہمیت بہت بڑھ گئی تھی مگر بابراعظم ثابت قدم رہے، ٹاس ہارنے کے باوجود پاکستان کی جانب سے بھرپور مزاحمت پر بابراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دوران میچ بابراعظم نے جو فیلڈ پوزیشن برقرار رکھی، اس سے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی عکاسی ہوتی ہے، میچ کی پہلی اننگز میں فواد عالم نے شاندار سنچری سکور کی، وہ یہاں کی پچ اور کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہیں۔سابق لیجنڈری بلے باز کا کہنا تھا کہ فواد عالم نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ یہاں فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10 سنچریاں بناچکے ہیں، پاکستان کی پہلی اننگز میں فواد عالم اور اظہر علی کی پارٹنرشپ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 27 رنز پر چار وکٹیں گنوانے کے بعد جس انداز میں ان دونوں بلے بازوں نے اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالا وہ قابل ستائش ہے۔انضمام الحق نے کہا کہ مشکل کنڈیشنز میں تجربہ کار کھلاڑی اپنی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہیں، فواد عالم اور اظہر علی نے بھی پاکستان کیلئے یہی کردار ادا کیا، یہ ان دونوں کی عمدہ پارٹنرشپ ہی تھی کہ جس کی وجہ سے پہلے فہیم اشرف نے 64 رنز کی اننگز کھیلی پھر حسن علی، نعمان علی اور یاسر شاہ نے بھی بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، ٹیل اینڈرز کے بلے سے آنے والے ان قیمتی رنز نے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔انہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ کے دوران ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر نعمان علی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں انہی کنڈیشنز پر مسلسل وکٹیں حاصل کرنے کی وجہ سے نعمان علی دوران ڈیبیو بہت پراعتماد نظر آئے، انہوں نے ایک مخصوص لائن پر مستقل باؤلنگ کی جس سے حریف بلے بازوں نے غلطی کرکے وکٹیں گنوائیں۔

یہ بھی پڑھیں

محمد رضوان نے حفیظ کو پیچھے چھوڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے …