میچ فیس: پانچ سال میں سب سے زیادہ کس پاکستانی کرکٹر نے کمایا؟

اسلام آباد(میڈیا پاکستان) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور قومی کرکٹرز کی گزشتہ پانچ سال کی آمدنی کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی گئی اور اسد شفیق اور محمد حفیظ سب سے زیادہ کمائی میں سرفہرست ہیں۔وزارتِ بین الصوبائی رابطہ نے 2013 سے 2017 تک پاکستانی کھلاڑیوں کو فیس کی مد میں ملنے والی رقم اور ٹیم کی کارکردگی رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی جس کے مطابق پانچ سالوں کے دوران 70 مختلف کھلاڑیوں کو 1 ارب 45 کروڑ 39 لاکھ روپے میچ فیس کی مد میں ادا کیے گئے۔
پانچ سال میں کھلاڑیوں کو ملنے والی فیس کی تفصیل
رپورٹ کے مطابق مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق فیسوں کی مد میں 11 کروڑ 19 لاکھ روپے کما کر سرفہرست ہیں جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر محمد حفیظ ہیں جنہوں نے 9 کروڑ 73 لاکھ کمائے۔سرفراز احمد نے میچز کی فیس کی مد میں 6 کروڑ سے زائد، شعیب ملک نے 5 کروڑ سے زائد، اظہر علی نے 6 کروڑ جبکہ اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کو 5 کروڑ 89 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔علاوہ ازیں حسن علی نے ایک کروڑ 48 لاکھ، مصباح الحق نے 7 کروڑ 14 لاکھ، محمد عامر نے 2 کروڑ 35 لاکھ، شاہد آفریدی نے 5 کروڑ 56 لاکھ، سعید اجمل نے 4 کروڑ، سابق ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان نے 5 کروڑ 98 لاکھ، وہاب ریاض نے 5 کروڑ 18 لاکھ اور شاداب خان نے 73 لاکھ 99 ہزار روپے فیس کی مد میں وصول کیے۔وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کی جانب سے سینیٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے 2012 سے اب تک 41 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں پاکستان کو صرف 17 میچز میں فتح اور 19 میں شکست کا سامنا رہا جبکہ 5 میچز ڈرا ہوئے۔
ون ڈے میچز کی تفصیل
قومی کرکٹ ٹیم نے پانچ برس کے دوران 105 ون ڈے میچز کھیلے جن میں سے 48 میں فتح اور 54 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 2 میچ بے نتیجہ رہے۔
ٹی ٹوئنٹی کی تفصیل
سینیٹ میں جمع کروائی جانے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 5 سالوں کے دوران پاکستان نے کل 59 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں سے 34 میچز میں فتح اور 23 میں شکست جبکہ 2 میچز طے نتیجہ رہے۔
کرکٹ بورڈ کے اخراجات
بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی جانب سے کرکٹ بورڈ کے پانچ سالہ اخراجات کی تفصیل بھی سینیٹ میں پیش کی گئی جس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2013 سے 2017 تک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ اور سیریز پر 3 ارب 42 کروڑ روپے کے اخراجات کیے جبکہ 2016 میں انگلینڈ کے ساتھ ہونے والی سیریز میں 39 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔رپورٹ کے مطابق رواں برس منعقد ہونے والے ایونٹ چیمپیئنز ٹرافی میں 9 کروڑ، ورلڈ کپ 2015 میں 6 کروڑ، 2012 -2013 میں بھارت دورے میں آٹھ کروڑ 23 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔سینیٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق زمبابوین کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے انعقاد پر 16 کروڑ سے زائد خرچ ہوئے جبکہ 2013 میں افغانستان اور یو اے ای کے خلاف کھیلے جانے والی سیریز میں 95 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

یہ بھی پڑھیں

ریٹائر نہیں ہورہا عمر کے بجائے کارکردگی دیکھنی چاہیے، شعیب ملک

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ عمر کے بجائے …