ممبئی(میڈیا پاکستان) نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بچپن کی تصویر شیئر کی ہے۔لاکھوں پاکستانیوں کے دلوں پر راج کرنے والی خوبرو اداکارہ مہوش حیات کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ڈراما سیریل ’’دل لگی‘‘، ’’میرے قاتل میرے دلدار‘‘اور ’’مراۃالعروس‘‘کے ذریعے اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی اداکارہ مہوش حیات نے فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ فلم ’’ایکٹر ان لا‘‘اور ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ نے انہیں پاکستان شوبز کی صف اول کی اداکاراؤں میں لاکھڑا کیا ہے۔
موجودہ دور میں بالی ووڈ سمیت لالی ووڈ سے تعلق رکھنےوالے اداکار خبروں میں رہنے اور مداحوں سے رابطے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں، مہوش حیات بھی باقاعدگی سے سوشل میڈیا کا استعمال کرتی ہیں اوراپنی سرگرمیوں سے اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں مہوش حیات نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر بچپن کی تصویر شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
تصویر کے ساتھ مہوش حیات نے اپنے بچپن کی یادیں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بری طرح کٹے بالوں اور دودھ کے ٹوٹے ہوئے دانتوں کے زمانے میں واپسی‘‘۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ مہوش حیات کا اداکاری میں کوئی ثانی نہیں ،کردار سنجیدہ ہویا جذباتی، مہوش ہر کردار میں بخوبی ڈھلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ کم عمر میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنےو الی اداکارہ مہوش حیات کو اداکاری کی صلاحیتیں قدرت نے بطور تحفہ دی ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بہت جلد شوبز میں خود کو منوالیا۔
