ممبئی(میڈیا پاکستان)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو کیرئیر کا پہلا بریک دینے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور فلمساز لیکھ ٹنڈن انتقال کرگئے۔بالی ووڈ کو ’’جھک گیا آسماں‘‘، ’’دوراہیں‘‘اور ’’آم راپالی‘‘ جیسی شاندار فلمیں دینے والے نامور فلمساز،ہدایت کار اوراداکار لیکھ ٹنڈن 88 برس کی عمر میں چل بسے۔ ان کا انتقال گزشتہ شام 5 بج کر 38 منٹ پران کی رہائشگاہ پرہوا، لیکھ ٹنڈن طویل عرصے سے بیمار تھے۔ پورا بالی ووڈ لیکھ ٹنڈن کی موت پر افسردہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز ڈراما سیریل ’’فوجی‘‘سے کیا تھا لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ انہیں پہلے ’’فو جی‘‘ نہیں بلکہ ڈراما سیریل’’دو دریا‘‘کی پیشکش ہوئی تھی اور یہ پیشکش ہدایت کاروفلمساز لیکھ ٹنڈن نے کی تھی، شاہ رخ خان اس ڈرامے میں کام کرنے کی ہامی بھی بھر چکے تھے لیکن کسی وجہ سے ڈرامے کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوگئی اور ڈراما سیریل’’فوجی‘‘،’’دودریا‘‘سے پہلے نشر ہوگیا۔
سال 2000 کے بعد لیکھ ٹنڈن نے ہدایت کاری کے ساتھ اداکاری بھی کی اور شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم ’’سوادیس‘‘، ’’چنائی ایکسپریس‘‘اورعامر خان کے ساتھ فلم’’رنگ دے بسنتی‘‘میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔ پوری بالی ووڈ انڈسٹری لیکھ ٹنڈن کی موت پر افسردہ ہے، اداکارہ شبانہ اعظمی نے ٹوئٹرپرپیغام دیا ہے کہ لیکھ ٹنڈن بہت اچھے انسان تھے مجھے ان کی موت کا افسوس ہے۔
بالی ووڈ اداکارآشوتوش گواریکر نے بھی ٹوئٹ کیا ہے کہ لیکھ ٹنڈن بالی ووڈ کے بہت ہی باصلاحیت ہدایت کار تھے، انہوں نے بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں دیں، ٹنڈن ہمیشہ ہمیں یاد آئیں گے۔
بھارتی شوبز انڈسٹری کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی لیکھ ٹنڈن کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
