کراچی(میڈیا پاکستان) پاکستانی نژاد برطانوی ہدایت کار سرمد مسعود کی اردو فیچر فلم ’’مائی پیورلینڈ‘‘ کو رواں سال آسکر کے لیے نامزد کرلیا گیا ہے۔سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والی بہادر خاتون نازو دھاریجو کی زندگی پر مبنی فلم ’’مائی پیورلینڈ‘‘ کو آسکر کے لیے نامزد کرلیا گیا فلم آج برطانیہ میں ریلیز کی جائے گی۔فلم’’مائی پیورلینڈ‘‘ کی کہانی حقیقت پر مبنی ہے جس میں نازو دھاریجو سندھ کے بااثر زمینداروں، وڈیروں اورقبضہ مافیا سے اپنا گھر اور زمین بچانے کے لیے تنہا اپنی دوکم عمر بیٹیوں کے ساتھ مقابلہ کرتی ہیں، فلم میں مرکزی کردار سہائے ابڑو نے ادا کیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں سلمان احمد خان، طیب افضال، ایمان فاطمہ اوراحسن مراد شامل ہیں، مائی پیورلینڈ پہلی اردو فیچر فلم ہے جسے آسکرکے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
نازو دھاریجو کو 2012 میں بااثرزمینداروں اورکرپٹ پولیس کے خلاف آوازاٹھانے اوراپنی زمین بچانے کے لیے مقابلہ کرنے پرنہ صرف شہرت حاصل ہوئی بلکہ انہیں بے حد سراہا بھی گیا۔واضح رہے کہ نازو دھاریجو سماجی سرگرمیوں کے ساتھ سیاست میں بھی انٹری دے چکی ہیں لیکن ان کی ہمت اورحوصلہ بہت ساری خواتین کے لیے مثال ہے ان کی ہمت سے متاثر ہوکر ہی سرمد مسعود کے ذہن میں فلم بنانے کا خیال آیا۔
