ماہرہ خان کی ایک اور سگریٹ نوشی کی ویڈیو پر ہنگامہ

لاہور(میڈیا92نیوز)گزشتہ برس ستمبر میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کی ایک سگریٹ پینے کی تصاویر سامنے آنے کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔نیویارک میں کھینچی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ماہرہ خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے خلاف طرح طرح کی باتیں کی گئیں۔ستمبر 2017 میں ماہرہ خان کی رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ پینے کی تصاویر ایک ایسے وقت میں وائرل ہوئی تھیں، جب ان کی آںے والی فلم ’ورنہ‘ ریلیز کے لیے تیار تھی۔
تاہم اب ایک بار پھر ماہرہ خان کی سگریٹ پینے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ کسی مرد اداکار کے بجائے خواتین کے ساتھ ایک تقریب میں موجود دکھائی دے رہی ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ویڈیو کہاں بنائی گئی، تاہم ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ ماہرہ خان کسی ایوارڈ یا فلمی تقریب میں موجود ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو لندن میں ’یو کے ایشین فلم فیسٹیول‘ میں اداکارہ کی شرکت کے دوران بنائی گئی ہوگی۔
واضح رہے کہ ’یو کے ایشین فلم فیسٹیول‘ میں ماہرہ خان کو ایوارڈ دیے جانے سمیت ان کی فلم ’ورنہ‘ کی بھی اسکریننگ کی گئی۔
فلم فیسٹیول کا آغاز 14 مارچ سے ہوا، جو 24 مارچ تک جاری رہا۔
ماہرہ خان کی سگریٹ پینے کی ویڈیو فیس بک اور انسٹاگرام پر متعدد افراد اور پیجز کی جانب سے شیئر کی جا رہی ہے، جب کہ اسے اب تک لاکھوں بار دیکھا جاچکا ہے۔
فیس بک پر ’گرلز پی کے‘ نامی پیج کی جانب سے شیئر کی اس ویڈیو کو اب تک 5 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکاہے، جب کہ اسے اب تک 7 ہزار بار شیئر کیا جا چکا ہے۔ویڈیو پر درجنوں افراد نے کمنٹس کیے، جس میں سے کئی افراد نے روایت کے مطابق ماہرہ خان کے خلاف جب کہ متعدد افراد نے ان کی حمایت میں بھی کمنٹس کیے۔
ٹوئٹر پر بھی ان کی حمایت و مخالفت میں ٹوئیٹس کی گئیں، تاہم تاحال اداکارہ نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
قریبا 56 سیکنڈ دورانیے کی ویڈیومیں ماہرہ خان کو سفید ڈریس میں سگریٹ پیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جب کہ اس کے ساتھ کھڑی ایک خاتون انہیں سگریٹ نوشی نہ کرنے کا کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔
ماہرہ خان کے ساتھ ویڈیو میں موجود دوسری خاتون انہیں کہتی نظر آتی ہیں کہ سگریٹ بعد میں پی لینا ابھی چھوڑ دو، تاہم ماہرہ خان کو مسکراتے ہوئے سگریٹ نوشی کو جاری رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں ان کے ساتھ نظر آنے والی خاتون کا چہرہ صاف نہیں دکھائی دے رہا، جب کہ وہ اداکارہ کے میک اور ڈریس اسٹائل کو بھی سیٹ کرتی نظر آتی ہیں۔
ویڈیو میں سگریٹ نوشی کی جگہ دیگر خواتین کو بھی بیٹھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
ماہرہ خان اس وقت سگریٹ کو بجھا کر چلی جاتی ہیں، جب اسپیکر پر کوئی اناؤنسمنٹ ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

باتیں بنانا چھوڑیں اور ووٹ ڈال کر اپنا حق استعمال کریں، بشریٰ انصاری

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل …